بھارت کا ایک بار پھر پاکستان پر دہشتگردی کا الزام، پاکستانی سفیر کی دفتر خار جہ طلبی

احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کا بھارتی الزام مستردکردیا

بدھ 10 اگست 2016 10:56

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اگست۔2016ء) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کرکے انھیں احتجاجی مراسلہ دیا گیا، جس میں پاکستان پر بھارت میں دہشت گردی کا الزام عائد کیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ سیکریٹری خارجہ جے شکر نے پاکستانی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے پاکستان سے سرحد پار ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے احتجاجی مراسلہ دیا۔

وکاس سوارپ کے مطابق احتجاجی مراسلے میں لشکر طیبہ اور حال ہی میں حراست میں لیے گئے پاکستانی شہری بہادر علی کا حوالہ دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کا الزام نئی دہلی پاکستان پر عائد کرتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

رواں برس جنوری میں ہونے والے پٹھان کوٹ حملے کا الزام بھی پاکستان پر عائد کیا گیا تھا۔ادھرپاکستان نے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کا بھارتی الزام مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا ، بھارتی الزام کے حوالے سے تفصیلات جمع کر رہے ہیں ۔

منگل کو دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام سختی سے مسترد کرتے ہیں ، پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا ، بھارتی الزام کے حوالے سے تفصیلات جمع کر رہے ہیں ۔