کوئٹہ میں شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ،نواز شریف

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کو عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے،دہشت گرد قوم میں انتشار اور عدم اتفاق کا بیج بونا چاہتے ہیں،ملک کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دینگے،وفاقی اور صوبائی انٹیلی جنس ادارے ہم آہنگی کو یقینی بنائیں، وزیر اعظم کا نیشنل ایکشن پلان اور سلامتی کی صورت حال پر اجلاس سے خطاب وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پر تفصیلی غوروغوض کیلئے اجلاس آج پھر طلب کرلیا

بدھ 10 اگست 2016 10:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اگست۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے، کوئٹہ میں شہداء کے خون کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے ،منگل کے روز وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور ملکی کی داخلی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ،قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ ،معاون خصوصی طارق فاطمی ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے،اجلاس میں وزیر داخلہ اور قومی سلامتی کے مشیر نے نیشنل ایکشن پلان اور قومی سلامتی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ،وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی غور کے لیے آج (بدھ) کو دوبارہ اجلاس طلب کر لیا ۔

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی سے محفوظ بنائیں گے، دہشتگرد سمجھتے ہیں کہ وہ ملک میں اختلافات کا بیج بو سکتے ہیں لیکن پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے ،دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومت کو عوام کی حمایت حاصل ہے ،ہمارا نظریہ عوام کی حالت زار بدلنے کا ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے،شہدا کوئٹہ کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے،حکومت دہشتگردوں کے ساتھ تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے پر عزم ہے،ہر شہر ی کو محفوظ اور مستحکم پاکستان کے ثمرات حاصل ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک درست سمت میں گامزن ہے ،دہشتگردوں کو اس ملک کا امن برباد کرنے کی اجاز ت نہیں دیں گے،دہشت گرد قوم میں انتشار اور عدم اتفاق کا بیج بونا چاہتے ہیں،دہشت گردغلط فہمی میں مبتلا ہیں،کم وقت میں بہترین نتائج کی لیے وفاقی،صوبائی انٹیلی جنس اداروں میں ہم آہنگی یقینی بنائیں،انہوں نے کہا کہ فاٹا میں آپریشن ضر ب عضب کی کامیابیوں کے بعد دہشتگرد اپنے اہداف تبدیل کر رہے ہیں،دہشتگردوں کا آخری دم تک پیچھا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :