کرکٹر اسٹیفن او کیفی کا نشے میں خراب رویہ

کرکٹ آسٹریلیا نے قواعد کی خلاف ورزی پر 7 ہزار630 ڈالر جرمانہ کردیا جارحانہ رویے پر پولیس نے بھی او کیفی کو نوٹس جاری کردیا ہے اور انھیں علیحدہ جرمانہ ادا کرنا پڑے گا

منگل 9 اگست 2016 10:39

سڈنی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اگست۔2016ء) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے ٹیسٹ کرکٹر اسٹیفن او کیفی کو مبینہ طور پر سڈنی کے ہوٹل میں نشے کی حالت میں سیکیورٹی اہلکاروں اور منیجر سے الجھنے پر جرمانہ کردیا۔اسٹیفن اوکیفی ہمسٹرنگ انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کو ادھورا چھوڑ کر واپس آسٹریلیا پہنچ گئے تھے اور سڈنی کے اسٹین ہوٹل میں مبینہ طور نشے کی حالت میں پولیس، سیکیورٹی عملہ اور منیجر سے الجھ گئے۔

او کیفی کو سی اے کے قواعد کی خلاف ورزی پر 7 ہزار630 ڈالر جرمانہ کردیا گیا جس سے انھوں نے قبول کیا ہے۔سی اے کے مطابق کیفی کو اس کی واقعے کی وجہ سے کونسلنگ کے لیے بھیج دیا جائے گا۔دوسری جانب ہوٹل میں جارحانہ رویے پر پولیس نے بھی او کیفی کو نوٹس جاری کردیا ہے اور انھیں علیحدہ جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

سی اے کے ایگزیکٹیو جنرل منیجر پیٹ ہاورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ 'ہم کرکٹ آسٹریلیا کی سطح پر کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے اس طرح کے رویے کو کسی طوربرداشت نہیں کرتے ہیں'۔

اوکیفی نے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ 'میں جانتا ہوں کہ نیو ساوٴتھ ویلز اور آسٹریلیا کے کرکٹر کی حیثیت سے اخلاق کے اعلیٰ درجے کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوا اور اسی لیے اس معاملے پر معافی مانگتا ہوں'۔ان کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے عمل کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں اور کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کرتاہوں'