قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی انتہائی ہنگامی حالات میں دبئی روانگی، آصف علی زرداری سے ملاقات،قومی سیاسی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 9 اگست 2016 10:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اگست۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی انتہائی ہنگامی حالات میں دبئی روانگی، آصف علی زرداری سے ملاقات اور قومی سیاسی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ معمول کے مطابق قومی اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے سندھ سے اسلام آباد کیلئے گھر سے روانہ ہوئے تو اچانک انہوں نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت ملتوی کر دی اور دبئی روانہ ہو گئے۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ انہیں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے خصوصی طور پر دبئی طلب کیا جہاں انہوں نے آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال، تحریک انصاف کی ریلی، عوامی تحریک کے دھرنے اور حکومت اپوزیشن ریلیشن شپ بارے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ خورشید شاہ منگل کو اجلاس میں شرکت کیلئے واپس آ جائیں گے۔