ملک کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے گا،جنرل راحیل شریف

دہشتگرد خیبرپختونخواہ میں شکست کے بعد بلوچستان میں امن خراب کر رہے ہیںِ، کوئٹہ میں اہم اجلاس سے خطاب آرمی چیف کا ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم

منگل 9 اگست 2016 10:49

کوئٹہ،راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اگست۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے گا، دہشتگرد خیبرپختونخواہ میں شکست کے بعد بلوچستان میں امن خراب کر رہے ہیںِ،پیر کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس کوئٹہ میں ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، چیف سیکٹری بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ میجر جنرل عامر ریاض سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ دھماکے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں نے خیبرپختونخواہ میں شکست ہوئی جس کے بعد بلوچستان کا رخ کر لیا ہے اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کو کوشش کر رہے ہیں، کوئٹہ دھماکہ بھی بلوچستان میں امن و امان کی بہتر صورتھال کو خراب کرنے کی کوشش ہے، انہوں نے کہا کہ آج کے حملے میں اقتصادی راہداری کو نشانہ بنایا گیا ہے، صورتحال کو قابو کرنے کے لیے تمام وسائل بروکار لائیں گے اور ملک بھر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر خصوصی کومبنگ آپریشن شروع کر رہے ہیں۔