ایلسٹر کک اور جوئے روٹ کیلئے حکمت عملی تبدیل کردی ہے ، مکی آرتھر

دونوں کو انگلش بیٹنگ لائن کی بنیاد سمجھتے ہیں نئی گیند سے ان پر قابو پالیا تو ہمارے لئے فائدہ مند ہوگا ، ہیڈ کوچ

بدھ 3 اگست 2016 10:12

ایجسٹن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اگست۔2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے انگلش بلے باز ایلسٹر کک اور جوئے روٹ کے لیے حکمت عملی تبدیلی کی ہے۔انگلینڈ کے خلاف ایجیسٹن میں تین اگست سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل مکی آرتھر نے کہا کہ’ انھوں نے کک اور روٹ کو دوبارہ دیکھا اور اپنی حکمت علمی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

‘’ہم انھیں انگلش بیٹنگ لائن کی بنیاد سمجھتے ہیں اور اگر ہم نئی گیند کے ساتھ ان پر قابو پا سکتے ہیں تو ہمارے پاس ایک حقیقی اچھا موقع ہو گا۔‘پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے مزید کہا کہ وہ انگلش بلے باز ہیلز کو بھی کم اہمیت نہیں دے رہے لیکن واضح طور پر اس وقت کک اور روٹ انگلش بیٹنگ کا روشن مینار ہیں۔پاکستان کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جوئے روٹ اور کک کی بیٹنگ کے سامنے پاکستانی بولرز بے بس دکھائی دیے تھے۔روٹ نے میچ کی پہلی اننگز میں 254 رنز جبکہ کک نے 105 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں دونوں نے بلترتیب 71 اور 76 رنز بنائے اور ناٹ آوٴٹ رہے تھے