داعش میں شمولیت کا الزام، ہندوستانی خاتون گرفتار

28 سالہ ہندوستانی خاتون کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس کے 5 سالہ بیٹے کے ہمراہ گرفتار کیا گیا

بدھ 3 اگست 2016 10:27

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اگست۔2016ء ) پولیس نے ایک ہندوستانی خاتون کو مبینہ طور پر داعش میں شمولیت کے الزام میں گرفتار کرلیا۔افغان خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق 28 سالہ ہندوستانی خاتون کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس کے 5 سالہ بیٹے کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گرفتاری سے قبل خاتون نے کابل ایئرپورٹ کیلئے بورڈنگ پاس حاصل کیا تھا۔

خاتون کی شناخت یٰسن محمد کے نام سے ہوئی تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ افغانستان میں کس جنگجو گروپ میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے کابل جارہی تھی۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہندوستانی خاتون کریالہ کے ایک نوجوان سے ملاقات کیلئے افغانستان جارہی تھی جو افغانستان میں مبینہ طور پر داعش کا جنگجو ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ 21 سالہ نوجوان داعش میں شمولیت سے ایک ماہ قبل ہندوستان سے لاپتہ ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 26 دسمبر کو ہندوستانی پولیس نے ناگ پور کے بابا صاحب امبیکر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 3 نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں نوجوان طالبعلم تھے جبکہ ان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان تھیں اور تینوں نوجوان حیدر آباد کے رہائشی تھے، جو بس کے ذریعے ناگ پور آئے تھے اور ہندوستان کی نجی ایئر لائن انڈیگو کے ذریعے سری نگر جانا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ شام اور عراق کی شدت پسند تنظیم داعش میں ہندوستان سے نوجوانوں کی شمولیت میں تیزی آتی جا رہی ہے، تاہم کسی ہندوستانی خاتون کا داعش میں شمولیت کا اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ ہے۔قبل ازیں ہندوستانی سیکیورٹی اداروں نے دو افراد کو گرفتار کیا تھا، ہندوستانی میڈیا کے مطابق یہ افراد افغانستان جانا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :