پاکستان کی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد بھی معاشی استحکام اور ترقی برقرار رکھیں گے، اسحاق ڈار

بدھ 3 اگست 2016 10:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اگست۔2016ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد بھی معاشی استحکام اور ترقی برقرار رکھیں گے، منگل کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی میں آئی اہم ایف مشن کے سربراہ سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معاشی مسائل پر بات چیت کی گئی، دبئی میں اقتصادی ٹیم نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی، وزیر خزانہ نے مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے 12واں اور آخری جائزہ اجلاس کامیابی سے مکمل ہوگا، انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کے ساتھ وسط مدتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوگا، 2سال میں پاکستان کی معیشت میں بہت سے تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، ہماری معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ افراط زرمیں کمی ٹیکس محاصل میں اضافہ اور زر مبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچے آئی ایم ایف پروگرام کے بعد بھی معاشی استحکام اور ترقی برقرار رکھیں گے۔