سندھ حکومت نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کردی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سمری پر دستخط کردئیے

منگل 2 اگست 2016 10:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اگست۔2016ء)سندھ حکومت نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کردی ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے صوبے میں قیام اور خصوصی اختیارات کی سمری پر دستخط کیے۔سمری کے مطابق رینجرز کے قیام میں 1 سال اور خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی توثیق شدہ سفارشات اب وزارت داخلہ اور وفاقی حکومت کو بھیجی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امید کا اظہار کیا کہ رینجرز اسی جذبے سے امن کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گی۔یاد رہے کہ گذشتہ روز سندھ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا معاملہ جلد حل ہونے کا اشارہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

سندھ میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے نے رواں برس اْس وقت شدت اختیار کی، جب صوبائی حکومت نے ان اختیارات میں توسیع میں پس و پیش سے کام لیا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ رینجرز کو کراچی میں خصوصی اختیارات دیئے گئے تھے جس کی مدت رواں ماہ 19 جولائی کو ختم ہوگئی تھی۔کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع اور یہی اختیارات سندھ کے باقی شہروں میں دینے یا نا دینے کے لیے گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا دبئی میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا تھا۔رینجرز کے اختیارات میں توسیع ایک ایسے وقت میں کی گئی جب ایک روز قبل لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب رینجرز چوکی کے قریب 2 بم حملوں کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

رینجرز پر حملے کی ذمہ داری سندھ کی علیحدگی پسند جماعت سندھو دیش ریولوشنری آرمی نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ جائے وقوع کے قریب سے برآمد ہونے والے ایک پمفلٹ میں تنظیم کا کہنا تھا، 'ہم چاہتے ہیں کہ رینجرز سندھ کے تمام شہروں اور دیہی علاقوں سے فوری طور پر نکل جائے'۔

متعلقہ عنوان :