امریکا میں پارٹی کے دوران فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ، حملہ آور گرفتار

ابتدائی تفتیش کی روشنی میں واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ نہیں لگتا، پولیس سربراہ حملہ آور نے پارٹی میں شریک افراد پر 20 سے زائد گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے، عینی شاہدین

اتوار 31 جولائی 2016 11:35

واشنگٹن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جولائی۔2016ء ) امریکا کے شہر سیٹل میں پارٹی کے دوران فائرنگ سے 3 افراد ہلاک جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے شہر سیئٹل میں ایک پارٹی کے دوران ایک شخص نے اچانک فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 3 زخمی جاں بر نہ ہوسکے اور دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ دیگر 2 زخمیوں کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

پارٹی میں شریک واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے تقریب میں موجود افراد پر 20 گولیاں چلائیں ، فائرنگ ہوتے ہی لوگوں نے اپنی جان بچانے کے لیے بھاگنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی تاہم اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو موقع پر سے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کی روشنی میں واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ نہیں لگتا۔