نیشنل ٹی 20کپ قومی ٹی ٹونٹی کپ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل، یونس خان اور محمد آصف کو کوئی خریدار نہ ملا

عمر گل کی کپتانی میں اسلام آباد کی ٹیم نے شاہد آفریدی کو حاصل کرلیا مصباح الحق کراچی وائٹس کی نمائندگی کریں گے ٹی20 کپ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے بعد ٹیموں کے کپتان بھی مقررکردیئے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا انعقاد 25 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان راولپنڈی اور ملتان میں ہوگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی

ہفتہ 30 جولائی 2016 10:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جولائی۔2016ء )قومی ٹی ٹونٹی کپ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل، یونس خان اور محمد آصف کو کوئی خریدار نہ ملا، عمرگل کی قیادت میں اسلام آباد کی ٹیم نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو حاصل کرلیا جہاں وہ عمرگل کی کپتانی میں کھیلیں گے،پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ڈرافٹنگ مکمل کرتے ہوئے تمام ٹیموں کے کپتان مقرر کر دئیے گئے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا انعقاد 25 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان راولپنڈی اور ملتان میں ہوگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔لاہور میں ٹورنامنٹ کی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل ڈرافٹنگ کے ذریعے مکمل کیا جارہا ہے۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں پاکستان کی قیادت کرنے والے مشہور آل راوٴنڈر شاہد آفریدی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں فاسٹ باوٴلر عمرگل کی زیرقیادت کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق کراچی وائٹس کی نمائندگی کریں گے اور وہ بھی اپنے جونیئر کی قیادت میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔42 سالہ مصباح الحق نے2012 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کیا تھا تاہم وہ اس ٹورنامنٹ میں اکبر رحمٰن کی قیادت میں کھیلیں گے۔ٹورنامنٹ میں لاہور اور کراچی کی دو ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ اسلام آباد، فاٹا، پشاور اور راولپنڈی کی ایک، ایک ٹیم شامل ہوگی دوسری جانب پی سی بی کی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ڈارفٹنگ مکمل ہونے کے بعد ٹیموں کے کپتان بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

احمد شہزاد لاہور بلیوز کے کپتان مقرر ہو گئے۔ کامران اکمل کو لاہور وائٹس کا کپتان مقرر جبکہ کراچی بلیوز کے کپتان خالد لطیف ہوں گے۔ کراچی وائٹس کے لیے اکبر رحمان کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اسلام آباد کی کپتانی کا تاج عمرگل کے سر سج گیا۔ پنڈی ریجن میں سہیل تنویر کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ پشاور کی ٹیم کے لیے رفعت اللہ مہمند، فاٹا کے لیے فوادخان کپتان ہوں گے۔