بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی،واجبات کی عدم ادائیگی

صفاء گولڈ مال کو سیل کردیا گیا معروف شاپنگ پلازہ کو سی ڈی اے قوانین کے تحت سات منزلیں تعمیر کرنے کی اجازت تھی،آٹھویں منزل کی تعمیر بلا اجازت کی جارہی تھی انتظامیہ کے ذمہ 7 کروڑ روپے کے واجبات تھے،جمعرات کی صبح ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، مجسریٹ کی نگرانی میں عمارت کو سیل کردیا گیا

جمعہ 29 جولائی 2016 10:10

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جولائی۔2016ء ) وفاقی دارالحکومت کے معروف تجارتی شاپنگ پلازہ کو بھاری رشوت بھی نہ بچا سکی ، بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی اور واجبات کی عدم ادائیگی پر صفاء گولڈ مال کو سیل کردیا گیا ، عمارت پر غیر قانونی طور پر آٹھویں منزل کی تعمیر جاری تھی جبکہ صفاء مال انتظامیہ کے ذمہ سات کروڑ روپے کے واجبات بھی ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جناح سپر مارکیٹ میں واقع معروف شاپنگ پلازہ صفاء گولڈ مال کو جمعرات کے روز واجبات کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی تعمیرات پر سیل کردیا گیا ہے معروف شاپنگ پلازہ کو سی ڈی اے قوانین کے تحت صرف سات منزلیں تعمیر کرنے کی اجازت تھی جبکہ یہاں آٹھویں منزل کی تعمیر بغیر کسی ا جازت کے کی جارہی تھی جبکہ صفاء گولڈ مال انتظامیہ کے ذمہ سات کروڑ روپے کے سرکاری واجبات بھی تھے جمعرات کی صبح ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اور علاقہ مجسریٹ کی نگرانی میں عمارت کو سیل کیا گیا واضح رہے کہ اس سے قبل صفاء گولڈ مال کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات اور نقشے میں تبدیلی کے حوالے سے سی ڈی اے ڈائریکٹر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا نیب نے یکم دسمبر دو ہزار پندرہ کو ڈائریکٹر اسٹیٹ کمرشلز افتخار علی چوہدری کو نقشے میں تبدیلی اور اضافی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے کی مد میں صفاء گولڈ مال کے مالک عبدالقیوم رانا سے پچاس لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ رشوت کی رقم بھی موقع سے پکڑی گئی تھی سی ڈی اے ڈائریکٹر افتخار علی حیدری نے صفاء گولڈ مال انتظامیہ کو رشوت کے عوض یہ باور کرایا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات اور نقشے میں تبدیلی پر انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا اور سی ڈی اے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کرے گا بلکہ سرکاری کاغذات میں بھی اسے مکمل طور پر تحفظ فراہم کیاجائے گا لیکن نیب نے بروقت کارروائی میں نہ صرف پچاس لاکھ روپے رشوت کے ریکور کرلئے بلکہ ڈائریکٹر سی ڈی اے کو بھی صفاء گولڈ مال میں رقم لیتے ہوئے گرفتار کیا ڈائریکٹر سی ڈی اے تاحال نیب کی حراست میں ہیں اور ان کی ابھی تک ضمانت بھی نہیں ہوپائی ہے یاد رہے کہ صفاء گولڈ مال اسلام آباد کے معروف مارکیٹ جناح سپر میں واقع ہے اور اسلام آباد کے معروف شاپنگ پلازوں میں اس کا شمار ہوتا ہے جناح سپر مارکیٹ میں ہونے کے سبب اس کی اراضی اور مالیت انتہائی قیمتی ہے پلازے میں سی ڈی اے نے سات منزلوں کی تعمیرات کی اجازت دے رکھی ہے اب جبکہ ایک اضافی منزل کی تعمیر بغیر اجازت کی گئی تو سی ڈی اے حرکت میں آیا اور اسے سیل کردیا گیا اس کے علاوہ صفاء گولڈ مال انتظامیہ نے حکومت دیگر اخراجات کی مد میں سات کروڑ روپے ادا کرنے ہیں جن کی وجہ سے انتظامیہ کو متعدد مرتبہ وارننگ بھی دی گئی تاہم عدم ادائیگی کی وجہ سے پلازہ کو سیل کردیا گیا

متعلقہ عنوان :