زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 100کلوواٹ توانائی کے حامل پہلے بائیوماس گیسی فکیشن پاور جنریشن پلانٹ کا افتتاح

بدھ 27 جولائی 2016 10:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جولائی۔2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 100کلوواٹ توانائی کے حامل ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے بائیوماس گیسی فکیشن پاور جنریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ یونیورسٹی کے پارس کیمپس پر حال ہی میں قائم کئے گئے پنجاب بائیو انرجی انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام پلانٹ پر منعقد ہونیوالی انٹرنیشنل ورکشاپ کے دوران زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے چینی ماہرین کے ہمراہ پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں چینی اداروں کے ساتھ پنجاب میں متبادل ذرائع توانائی \کے درجنوں منصوبوں کے ساتھ ساتھ 100کلوواٹ بائیوماس گیسی فکیشن پاور جنریشن کا یہ پہلا پائلٹ پراجیکٹ ہے جسے دیہی سطح پر کھیتوں میں موجود گندم‘ کپاس‘ گنے اور مکئی وغیرہ کی باقیات سے چلاتے ہوئے 50گھروں کو بجلی مہیا کی جا سکتی ہے جس میں مزید توسیع کرتے ہوئے مستفید ہونیوالے گھروں کی تعداد 250تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں 26ملین ہیکٹررزیرکاشت رقبہ سے گندم‘ کپاس‘ مکئی‘ گنے اور دوسری فصلات کی بعد ازبرداشت باقیات کو ایسے پلانٹس میں استعمال کرکے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی انجینئرز پر زور دیا کہ پلانٹ کی ریورس انجینئرنگ کرتے ہوئے اس کی مقامی سطح پر سستی تیاری کی راہ نکالیں تاکہ اسے حکومتی سبسڈی کے ذریعے نچلی سطح پر عام کرنے کی سفارش کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :