بلاول بھٹوکی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس،مراد علی شاہ کو وزیراعلی کیلئے نامز دکر دیا

پارٹی اور صوبے کیلئے قائم علی شاہ کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا ، مستقبل میں بھی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا فیصلہ بہت مشکل تھا مگر سندھ اور پیپلز پارٹی کے مفاد میں ایسا فیصلہ کرنا پڑا ،چیئرمین پی پی پی

بدھ 27 جولائی 2016 10:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جولائی۔2016ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلی نامزد کر دیا ہے ،بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ قائم علی شاہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا مگر سندھ اور پیپلز پارٹی کے مفاد میں ایسا فیصلہ کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیر اعلی بنانے کے فیصلے سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے قبل قائم علی شاہ نے بطور وزیر اعلی سندھ بلاول بھٹو سے ملاقات کی اور انہوں نے پارٹی فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے اپنا استعفی پیش کیا جسے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے منظور کرلیا ۔پیپلز پارٹی کے اراکین نے نئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ اجلاس میں کسی رکن کی جانب سے ان کے نام پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سید قائم علی شاہ پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں پارٹی ان کے تجربات سے استفادہ کرے گی ۔قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کیلئے اپنی خدمات کو جاری رکھوں گا ۔