حفیظ مانچسٹر میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر لف بورو میں ٹیسٹ دینے کیلئے تیار

لف بورو میں حفیظ کے باوٴلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کیا جائے گا، کہنی کی انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہوئے، باوٴلنگ ایکشن پر مزید کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، انتخاب عالم

منگل 26 جولائی 2016 10:17


اولڈ ٹریفورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جولائی۔2016ء)مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے سبب ایک سالہ پابندی کا شکار پاکستانی آل راوٴنڈر محمد حفیظ پابندی کی مدت ختم ہونے کے بعد اپنے باوٴلنگ ایکشن کا دوبارہ ٹیسٹ دینے کیلئے تیار ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے حامل حفیظ پر ایک سالہ پابندی عائد کی گئی تھی جس کا خاتمہ رواں ماہ کے آغاز میں ہو گیا ہے اور اب وہ دوبارہ باوٴلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے کے اہل ہیں۔

حفیظ کا باوٴلنگ ایکشن ایک سال میں دو مرتبہ مشکوک رپورٹ ہوا تھا جہاں ٹیسٹ کے دوران کے بازو میں مقررہ حد سے زیادہ خم آ رہا تھا اور اسی وجہ سے ان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔35 سالہ آل راوٴنڈر اس وقت انگلینڈ کے دورے پر موجود پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں اور بیٹنگ میں بدترین فارم سے دوچار ہیں اور اسی وجہ سے ان کی ٹیم میں جگہ کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم باوٴلنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد حفیظ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں یقیناً کامیاب رہیں گے کیونکہ اس صورت میں پاکستان کو ایک اضافی مستند اسپنر دستیاب ہو سکے گا۔حفیظ کی پابندی کا خاتمہ 17 جولائی کو ہوا تھا اور پاکستان کو امید ہے کہ مانچسٹر میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر لف بورو میں ہونے والے ٹیسٹ میں حفیظ کامیاب رہیں گے۔قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ لف بورو میں حفیظ کے باوٴلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کیا جائے گا، وہ چونکہ ابھی کہنی کی انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہوئے لہٰذا انہیں باوٴلنگ ایکشن پر مزید کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے حفیظ اپنے باوٴلنگ ایکشن پر نیٹ میں کام کر رہے ہیں اور وہ پراعتماد ہیں کہ آئندہ چند دنوں میں ٹیسٹ کیلئے خود کو پیش کر دیں گے۔حفیظ کا بوٴلنگ ایکشن پہلی مرتبہ چیمپیئنز لیگ 2014 میں لاہور لائنز کی نمائدنگی کرتے ہوئے رپورٹ ہوا تھا تاہم چیمپیئنز ٹرافی کے معاملات میں آئی سی سی کی مداخلت نہ ہونے کے سبب ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔تاہم اسی سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران باوٴلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے کے بعد حفیظ کو باوٴلنگ سے روک دیا گیا تھا۔حفیظ نے اپنے باوٴلنگ ایکشن پر کام شروع کیا اور پھر ایکشن کلیئر کرانے میں کامیاب رہے لیکن جلد ہی ان کا ایکشن پھر رپورٹ ہو گیا