کوئی بھی شخص چاہے کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو سرکاری خرچ پر حج کیلئے نہیں جا سکے گا، ترجمان وزارت مذہبی امور

وزارت مذہبی امور کو کرپشن سے پاک کر دیا، ایسا میکانزم بنا دیا ہے کہ کوئی بھی وزیر، مشیر یا دیگر وی آئی پی شخصیت سرکاری فنڈز کا استعمال نہیں کر سکتا اس سال سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر ہی عازمین کو آب زم زم کے 5لیٹر فی حاجی کین دیئے جائیں گے ، نور زمان کی خصوصی گفتگو

منگل 26 جولائی 2016 10:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جولائی۔2016ء) کوئی بھی شخص چاہے کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو سرکاری خرچ پر حج کیلئے نہیں جا سکے گا، وزارت مذہبی امور کو کرپشن سے پاک کر دیا، ایسا میکانزم بنا دیا ہے کہ کوئی بھی وزیر، مشیر یا دیگر وی آئی پی شخصیت سرکاری فنڈز کا استعمال نہیں کر سکتا، اس سال سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر ہی عازمین کو آب زم زم کے 5لیٹر فی حاجی کین دیئے جائیں گے ، یہ باتیں ترجمان وزارت مذہبی امور نور زمان نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیں، انھوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی دور حکومت میں وزارت مذہبی امور اورسرکاری فنڈز کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور اور سعودی عرب میں حاجیوں کی رہائشوں اور دیگر انتظامات میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی جس پر عدالتوں نے فیصلے بھی دیئے اور ذمہ داران کو سزائیں بھی دی گئیں ہیں لیکن الحمدللہ ہم نے مکہ،مدینہ اور عزیزیہ میں حاجیوں کیلئے بہترین رہائش گاہوں کا انتظام کیا ہے، جوائنٹ سیکرٹری نور زمان نے بتایا کہ اس سال 1200خدام الحجاج سعودی عرب بھجوائے جا رہے ہیں جن میں 450سے زائد میڈیکل مشن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہے جبکہ دیگر معاونین میں 450سے زائد پولیس اور اسکاؤٹس شامل ہیں ، مزید براں 250سے زائد افراد حاجیوں کی سہولت اور معاونت کیلئے وزارت مذہبی امور کے ملازمین جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ وزارت کے 60ملازمین جن کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری سطح کا آفیسر کرتا ہے کو جدہ ایئر پورٹ پر اور 60افراد کو مدینہ تعینات کیا جاتا ہے جو پاکستان سے جانیوالے حاجیوں کی راہنمائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ عازمین حج ا س سال فریضہ حج ادا کریں گے جن کی تربیت کا کام ملک بھر میں شروع کر دیا گیا ہے، جہاں150سے زائد ٹرینرز انکی تربیت میں مصروف ہیں، انھوں نے بتایا کہ اس سال پہلی بار وزارت کی طرف سے ویکسینیشن سینٹرز پر حاجیوں کو کتابچے فراہم کیئے جا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزارت مذہبی امور نور زمان نے بتایا کہ پرائیویٹ ٹوورز آپریٹر کی مانیٹرنگ کیلئے ایک مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو سعودی عرب میں پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی جانب سے کیئے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لے گی اور شکایات کا موقع پر ازالہ کرے گی۔

انھوں نے بتایا کہ پچھلے سالوں کے دوران عازمین کو پاکستان پہنچ کر ایئرپورٹس پر آب زم زم دیا جاتا تھا جس کے حوالہ سے کئی شکایات موصول ہوئی ہیں اس بار فیصلہ کیا گیا ہے سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر ہی عازمین کو آب زم زم کے 5لیٹر فی حاجی کین دیئے جائیں گے۔