وزیراعلیٰ پنجاب کی بیجنگ میں چین کے نائب وزیراعظم ژانگ جیالی سے ملاقات

ایگزم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن ہو ژیاؤ لیان اورکیمونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سانگ تاؤ سے بھی ملاقات کی چین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کے حوالے سے پنجاب کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے:نائب وزیراعظم چین شوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے کارفرماہے، شہبازشریف

منگل 26 جولائی 2016 10:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جولائی۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے بیجنگ میں چین کے نائب وزیراعظم ژانگ جیالی(Mr.Zhang Gaoli)سے ملاقات کی،جس میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مابین تعلقات کے مزیدفروغ کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔نائب وزیراعظم چین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے مابین تعلقات میں اضافے کیلئے نئی راہوں پرکام کرنا ہوگااورکیمونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کے حوالے سے پنجاب کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے ۔ چین کے نائب وزیراعظم نے وزیراعظم نوازشریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کی پوری قیادت وزیراعظم محمد نوازشریف کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کوعوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔

شوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے کارفرماہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں اور پاک چین تعلقات کی65ویں سالگرہ پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔چین کی جانب سے ٹیکنالوجی سمیت صنعتوں کی بیرون ملک منتقلی کی حکمت عملی میں پاکستان اس کا سب سے بہترپارٹنر ہے اورہم اس ضمن میں چین کے ساتھ ملکر اقدامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج بیجنگ میں ایگزم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن ہو ژیاؤ لیان(Madam Hu Xiaolian)سے ملاقات کی۔ ایگزم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن نے پنجاب میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں کی تعمیر کی رفتار کو تاریخی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ہم منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کیلئے شینزن (Shen-zhen) سپیڈ کی اصطلاح استعمال کرتے تھے لیکن اب پنجاب نے شینزن سپیڈ کی اصطلاح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب چین میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے حوالے سے ”پنجاب سپیڈ “کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

ایگزم بینک کی چیئرپرسن نے کہا کہ آنیوالے دور میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ہوگا اور ایگزم بینک کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے تحت پنجاب میں متعدد منصوبے زیرتکمیل ہیں۔ واضح رہے کہ شینزن چین کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں چین کا پہلا انڈسٹریل و اکنامک زون بنایا گیا اور چینیوں نے وہاں جناتی انداز میں کام کرکے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چیئرپرسن ایگزم بینک ژیاؤلیان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاک چین دوستی کے نغمے صرف پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں گونج رہے ہیں اور یہ کہانی محض دوستی کی کہانی نہیں بلکہ یہ داستان دیانت، امانت اور شفافیت کی داستان ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب میں منصوبوں کی بروقت اور بلاتعطل تکمیل کیلئے چین کے مالیاتی ادارے پاک چین تعاون کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے وسائل کی بروقت اور بلاتعطل فراہمی پر ایگزم بینک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے لئے چین میں ”پنجاب سپیڈ“ کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے، یہ میرا ہی نہیں بلکہ پنجاب حکومت اور پاکستان کے عوام کیلئے ایک اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم انشاء اللہ اس سپیڈ کو برقرار رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ آف دی کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ، بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سانگ تاؤ (Mr. Song Tao)سے بھی ملاقات کی۔

کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر سانگ تاؤ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان آئیڈیل تعلقات ہیں اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پارٹی کی سطح پر وفود کے تبادلوں کا خیرمقدم کریں گے اور ہماری خواہش ہے کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں پر مشتمل وفود کو زیادہ سے زیادہ چین بھجوایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چین مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کو اپنے ساتھ پائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین کو دوسری بڑی معاشی طاقت بنانے میں کیمونسٹ پارٹی، چینی صدر شی جن پنگMr. Xi Jinping) (اور وزیراعظم لی کی چیانگ (Mr. Li Keqiang) کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور چین کی ترقی اس کی قیادت اور عوام کی محنت اور قربانیوں کا معجزہ ہے۔

ہماری حکومت صرف چین کی تعریف ہی نہیں کرتی بلکہ چین کی ترقی سے بہت کچھ سیکھنے کی بھی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت چین میں 70 پاکستانی طلبا و طالبات چینی زبان سیکھ رہے ہیں اورہم نوجوانوں کے مزید وفود جلد چین بھجوائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب پاکستان میں مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ چین کیا کرنے جا رہے ہیں اور کیا آپ نے ”شاپنگ لسٹ“ بنائی ہے تو میں نے کہا کہ دوستوں کے درمیان کوئی ”شاپنگ لسٹ“ نہیں ہوتی، میں اپنے چینی بھائیوں کا شکریہ ادا کرنے اور پاکستان کی ترقی کے حوالے سے مزید تعاون کیلئے جا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں کہ چین کے بے پایاں اور ناقابل فراموش تعاون کا شکریہ ادا کرسکوں کیونکہ چین نے اس وقت پاکستان کیساتھ دوستی کا حق ادا کیا جب ہمیں دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین پہلے محض دوست تھے، اب انہیں ایک دوسرے سے محبت ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی عوام، حکومت اور فوج دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہیں۔

دہشت گردی چین میں ہو یا پاکستان میں، دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر کو چین کے صدر اور وزیراعظم کے نام وزیراعظم محمد نوازشریف کے خصوصی پیغام پر مشتمل خطوط بھی دیئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی موجودگی میں آج بیجنگ میں انڈسٹریل پارک کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔معاہدے کے تحت چین کے سرمایہ کار اور صنعتکارپنجاب میں چونیاں انڈسٹریل ا سٹیٹ میں ایک انڈسٹریل پارک بنائیں گے۔

انڈسٹریل پارک میں چین کے پرائیویٹ سیکٹر کے سرمایہ کار فیکٹریاں لگائیں گے۔انڈسٹریل پارک 2 ہزار ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔منصوبے پر 20 ارب روپے لاگت آئے گی اور اس ضمن میں یہ معاہدہ غریب وال سیمنٹ گروپ اور چائنہ انٹرنیشنل ٹرسٹ اینڈ انویسٹمنٹ کارپوریشن (CITIC) کے درمیان طے پایاہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس معاہدہ خوش آئند ہے اور اس معاہدے سے نجی شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل لیومن (Mr.Luo Min)نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں صنعتی عمل کو تیزکرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔چین کی300انڈسٹریل اسٹیٹس پر مشتمل تنظیم کے چےئرمین ژائی رونگیاوٴ (Mr.Shi Rongyao)نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں چینی صنعتکاروں کو کارخانے لگانے کیلئے ہر طرح کی سہولتیں دیں گے۔