عمران خان کا خیبرپختونخواہ میں 13 نکاتی اصلاحاتی چارٹر کا اعلان

صوابدیدی فنڈ ختم ، اراکین صوبائی اسمبلی کے فنڈز روک دیئے ہیں بلدیاتی نمائندوں کو 33 ارب روپے دیں گے ، 7 اگست سے تحریک احتساب شروع ہو گی جو پرویز خٹک نے کیا وہ پنجاب اور سندھ کے وزراء اعلی کر دکھائیں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ زیادتی پر ایکشن لیں گے،تشدد کی معذرت کرتا ہوں،اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو

منگل 26 جولائی 2016 10:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جولائی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں 13 نکاتی اصلاحاتی چارٹر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوابدیدی فنڈ ختم کر دیئے ہیں۔ اراکین صوبائی اسمبلی کے فنڈز روک دیئے ہیں بلدیاتی نمائندوں کو 33 ارب روپے دیں گے ۔ 7 اگست سے تحریک احتساب شروع ہو گی ۔ جو پرویز خٹک نے کیا وہ پنجاب اور سندھ کے وزراء اعلی کر دکھائیں ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ہیڈکوارٹر کے باہر میڈیا پر تشدد کی معذرت کرتا ہوں۔ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ زیادتی پر ایکشن لیں گے ۔واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائیں گے ۔ ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قدم اٹھانے جا رہے ہیں جو ہمارے منشور کا حصہ تھا مگر کر نہ پائے تھے پرویز خٹک کی حکومت نے اداروں کو مضبوط کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی پولیس میں کوئی مداخلت نہیں ہے ۔ پولیس کو غیر سیاسی بنایا ہے پلڈاٹ کے سروے کے مطابق صوبوں میں سب سے کم کرپشن صوبہ خیبرپختونخوا میں ہے ۔ کرپشن کا کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا صوبے کے لئے 13 نکاتی ایجنڈا پیش کر رہے ہیں پہلا یہ کہ بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات دے رہے ہیں ۔ 33 ارب روپے بلدیات کو دے رہے ہیں اختیارات کی منتقلی مثال بنے گی ۔

صوبے میں اب کوئی صوابدیدی فنڈز نہیں ہوں گے ۔ ایم پی اے کے پاس کوئی ترقیاتی فنڈز نہیں جائیں گے اور وہ صرف قانون سازی کریں گے ۔ترقیاتی اخراجات سیاسی بنیادوں پر استعمال نہیں ہوں گے ۔پہلے سے زیادہ طاقتور احتساب کا قانون لا رہے ہیں ۔جو اداروں میں کرپشن کی نشاندہی کرے گا اسے ریکوری میں سے 25 فیصد دیں گے اور اس کا نام بھی ظاہر نہیں کیا جائے گا ۔

صوبائی فنانس کمیٹی بھی قائم کریں گے گلیات میں اور کاغان میں ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنا رہے ہیں ۔ نتھیا گلی میں وزیر اعلی ہاؤس کو گلیات اتھارٹی کیحوالے کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گریڈ 5 کے اوپر بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے ہوں گے ۔ 70 فیصد پہلے بھی ہو رہی ہیں اب مکمل طور پر ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ ماتحت عدلیہ میں اصلاحات کا پروگرام لا رہے ہیں ۔

مدرسہ ریفارمز کر رہے ہیں ۔ 22 لاکھ طلبہ مدارس میں پڑھ رہے ہیں ۔ 15 لاکھ افغان مہاجرین خیبرپختونخوا میں ہیں خیبرپختونخوا کے لوگوں نے مہمان نوازی دکھائی ہے افغانوں سے کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونی چاہئے رستم شاہ مہمند کی سرپرستی میں کمیٹی بنا رہے ہیں جو مسائل کے حل کر کے کام کرے گی ۔انہو ں نے کہا کہ پارٹی کے ڈسپلن کو قائم کرنے کے لئے کمیٹی بنائی ہے ان کے سامنے ایم این اے نہیں ہوں گے ۔

7 اگست کو تحریک احتساب شروع ہو گی راولپنڈی جائے گی ۔ پارٹی ڈسپلن توڑنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ایک صحافی کے سوال پر بڑا سائیں کے بعد پرویز خٹک کا نام بھی تبدیلی کے لئے آ رہا ہے عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ بات ہوتی تو پرویز خٹک میرے ساتھ نہ ہوتے ۔کیا 285 ارب روپے کے قرضے پانامہ پیپرز کے بعد معاف ہوئے ہیں میرا منہ بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ پانامہ پیپرز پر میں ہی بات کرتا ہوں ۔