کشمیر میں پہلے امن پھر جس سے بات کرنی ہو گی کریں گے،پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہئیے،راجناتھ سنگھ

مقبوضہ کشمیر کے مسئلے میں تیسری پارٹی کی مداخلت نہیں چلے گی ،بھارتی وزیر داخلہ کی سرینگر میں پریس کانفرنس

پیر 25 جولائی 2016 10:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جولائی۔2016ء) بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے میں تیسری پارٹی کی مداخلت نہیں چلے گی اور پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر کے دورے کے بعد اتوار کو سرینگر میں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا ’کشمیر میں پاکستان کا کردار صحیح نہیں ہے۔ کشمیر پر پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔

‘ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول اور پرامن ہونے چاہئیں، اس کے بعد ہی جس سے بھی بات چیت کی ضرورت ہو گی بات چیت کی جائے گی۔ راج ناتھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ چند دنوں میں جو کچھ بھی ہوا، اس پر انھیں افسوس ہے۔’ہم کشمیر کے ساتھ جذباتی تعلق بنانا چاہتے ہیں اور کشمیر کی جمہوریت میں صرف انسانیت کا مقام رہے گا۔

(جاری ہے)

‘وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پورے ہندوستان کے لوگوں کی خواہش ہے کہ کشمیر ایک بار پھر جنت بننا چاہئے.راج ناتھ نے مزید کہا کہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا حل نہیں ہو سکتا۔راج ناتھ نے کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گذشتہ دو دنوں میں وہ 30 سے زائد وفود سے ملے ہیں۔راج ناتھ نے کہا ’میری معلومات کے مطابق ان جھڑپوں میں 2228 پولیس کے جوان، 1100 سی آر پی ایف کے جوان اور 2259 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔‘