بھارتی وزیر خارجہ کو وزیراعظم میاں نواز شریف کا بیان پسند نہ آیا

کشمیر کبھی بھی پاکستان کا حصہ نہیں رہا ، ششما سوراج کی ہرزہ سرائی پورا بھارت پاکستانی وزیر اعظم کو یک آواز ہوکر یہ بتانا چاہتا ہے کہ ان کا اور پاکستان کا کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بھارتی وزیر خارجہ

اتوار 24 جولائی 2016 10:52

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2016ء ) بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بن سکتا۔نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران سشما سوراج کا کہنا تھا کہ پورا بھارت پاکستانی وزیر اعظم کو یک آواز ہوکر یہ بتانا چاہتا ہے کہ ان کا اور پاکستان کا کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

انہوں نے پاکستان پر، اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی گئیں دہشت گرد تنظیموں کی مدد سے، کشمیر میں آزادی کی لڑائی لڑنے والوں کی پشت پناہی کا الزام بھی لگایا۔سشما سوراج کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی دعائیں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، میں انہیں یاد دلانا چاہتی ہوں کہ پاکستان نے وادی کے عوام کے لیے کبھی دعا نہیں کی بلکہ انہیں دہشت گردی کی صورت میں دکھ اور تکلیف سے دوچار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت پر مذمتی بیان کی مذمت کرتے ہوئے سوال کیا کہ نواز شریف نے مظفر وانی کو ’حزب المجاہدین‘ کا حصہ ہونے کے باوجود شہید کیوں کہا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے، آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد، مظفر آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس روز کے منتظر ہیں جب کشمیر، پاکستان کا حصہ ہوگا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک رک نہیں سکتی اور وہ اس میں کامیاب ہوکر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام جانتی کہ وہاں کے عوام پر کس طرح ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں اور ہم اس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔