حجاب میں میزبانی پر تنقید کے خلاف باضابطہ شکایت

ہفتہ 23 جولائی 2016 10:39

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جولائی۔2016ء )برطانیہ میں چینل 4 نیوز کی میزبان رپورٹر فاطمہ منجی نے پریس کی نگرانی کے ادارے کو اخبار ’دا سن‘ کے سابق ایڈیٹر کیلون مکینزی کی جانب سے حجاب کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنانے پر شکایت کی ہے۔اپنے مضمون میں کیلون مکینزی نے فرانس کے شہر نیس میں حملے کی ٹی وی پر کوریج کے دوران فاطمہ منجی کے حجاب پہننے پر تنقید کی تھی۔

انڈیپنڈنٹ پریس سٹینڈرڈز آرگنائزیشن (آئی پی ایس او) کا کہنا تھا کہ انھیں 1700 سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔فاطمہ منجی عام طور پر حجاب پہنتی ہیں۔ انھوں نے لندن سے پروگرام کی میزبانی مشترکہ طور پر اینکر جان سنو کے ساتھ کی جو نیس سے رپورٹنگ کر رہے تھے۔اس پروگرام کے ایڈیٹر بین ڈی پیئر کا کہنا تھا کہ فاطمہ منجی کو ’مذہبی امتیاز‘ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ’کل، چینل 4 نیوز کی نمائندہ فاطمہ منجی نے آئی پی ایس او میں باضابطہ شکایت کی ہے۔‘ڈی پیئر کا کہنا تھا کہ آئی ٹی این کے سربراہ جان ہارڈی نے بھی ’مزید شکایت‘ کی ہے جو ’فاطمہ کی شکایت کی حمایت کرتے ہیں۔‘کیلون مکینزی نے لکھا:’ کیا انھیں کیمرے پر ایک ایسے وقت دکھانا مناسب تھا جب ایک مسلمان نے ایک اور بھیانک حملہ کیا تھا؟‘انھوں نے مزید کہا ’کیا یہ عام ناظرین کو دکھانا مناسب ہے جو حجاب کو مردوں کے معاشرے اور واضح طور پر پرتشدد مذہب میں عورتوں کی غلامی کی ایک علامت سمجھتے ہیں۔

‘خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو ایک تیز رفتار ٹرک سے ہجوم کو کچلے جانے کے واقعے میں بچوں سمیت 84 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں مسلمان بھی شامل تھے۔’دا سن‘ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اخبار اس مسئلے پر ’کوئی تبصرہ‘ نہیں کر رہا ہے۔