خورشید شاہ،اسحاق ڈار ملاقات،الیکشن کمیشن ارکان کیلئے ناموں پر مشاورت

بیورو کریٹ، ٹیکنوکریٹ بھی الیکشن کمیشن کے رکن بن سکتے ہیںِ، ماضی کی طرح غلط فیصلے کرنے سے اجتناب کیا،خورشید شاہ اپوزیشن اور حکومت نے 3،3 نام دیئے ہیں، کل حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے نام اسپیکر آفس کو دیں گے،اسحاق ڈار،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 جولائی 2016 10:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جولائی۔2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران کیلئے مختلف ناموں پر مشاورت ہوئی، جمعرات کے روز اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر غور کیا گیا، ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی، خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کے نام امانت تھے کوشش تھی کہ امانت میں خیانت نہ ہو، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری ہماری قومی ذمہ داری تھی، ہماری کوشش تھی کہ الیکشن کمیشن کو تنازع بنے سے بچائیں، انہوں نے کہا کہ اب بیورو کریٹ اور ٹیکنوکریٹ بھی الیکشن کمیشن کے رکن بن سکتے ہیںِ، ماضی کی طرح غلط فیصلے کرنے سے اجتناب کیا ہے، الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں پر غور کے بعد کمیٹی میں جائیں گے، تین نام اپوزیشن اور تین نام حکومت نے دیئے ہیں، دنیا میں فرشتے نہیں رہتے، صاف ستھرے لوگوں کے نام ملکر دینے کی کوشش کی ہے، جبکہ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چاروں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان کیلئے اپوزیشن اور حکومت نے 3،3 نام دیئے ہیں، کل حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے نام اسپیکر آفس کو دیں گے، اتفاق کر لیا ہے اور دونوں چیئرمین کل کمیٹی کو بھیجے جائیں گے، الیکشن کمیشن سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیر کو ساڑھے 10بجے ہو گا، انہوں نے کہا کہ ممبر الیکشن کمیشن سے متعلق ہم نے اپنا کام پورا کر لیا ہے، 25جولائی کو سربمہر لفافے کھلیں گے تو پتا چلے گا کون سے نام ہیں۔