50 سے زائد ریسلرز کا ڈبلیو ڈبلیو ای کے خلاف مقدمہ

سابق ریسلرز کو سر پر لگنے والی متعدد چوٹوں کے سبب دماغ کی سنگین بیماریاں لاحق ہوجاتی ہیں، ریسلر کا الزام

جمعرات 21 جولائی 2016 10:03

نیویارک( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جولائی۔2016ء )50 سے زائد سابق ریسلرز نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ(ڈبلیو ڈبلیو ای) کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے ہرجانے کا دعویٰ کردیا ہے۔ان ریسلرز نے الزام عائد کیا کہ سابق ریسلرز کو سر پر لگنے والی متعدد چوٹوں کے سبب دماغ کی سنگین بیماریاں لاحق ہوجاتی ہیں۔ریسلرز نے اپیل میں کہا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کیریئر کے دوران روزانہ کی بنیاد پر ان کے سر پر چوٹیں لگیں جس کے نتیجے میں ان کے دماغ پر سنگین اثرات مرتب ہوئے اور وہ متعدد بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب کبھی بھی ان کو کسی قسم کی انجری ہوتی تو ڈبلیو ڈبلیو ای ان کی دیکھ بھال نہیں کی گئی اور مالی فوائد کیلئے ان کے صحت اور حفاظت کو داوٴ پر لگا دیا اور اب ان کے جسم اور دماغ کو پہنچنے والے نقصان کے علاج کیلئے ان کے پاس وسائل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان تمام تر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سازش میں وہی گروہ ملوث نے جس نے ماضی میں بھی اسی طرح کا مقدمہ درج کیا تھا جسے بعد میں خارج کردیا گیا تھا۔

یہ تمام الزامات سابقہ مقدمے کی طرح جھوٹ پر مبنی ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اس مقدمے کا بھی وہی نتیجہ نکلے گا۔گزشتہ سال جنوری میں بھی دو ریسلرز نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ پر اسی طرح کے الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کرنے کے ساتھ ساتھ ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن عدالت نے ان کے بیانات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے مقدمہ خارج کردیا تھا۔