جنوبی وزیرستان کے اپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی شروع ہوگئی

واپسی کا یہ عمل بیس جولائی سے شروع ہوکر پندرہ اکتوبر تک جاری رہے گا پہلے دن 373خاندان 142گاڑیوں کے قافلہ کوپاک فوج کی سخت سکیورٹی میں روانہ کردیا گیا

جمعرات 21 جولائی 2016 10:13

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جولائی۔2016ء)جنوبی وزیرستان کے اپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی شروع ہوگئی ۔واپسی کا یہ عمل بیس جولائی سے شروع ہوکر پندرہ اکتوبر تک جاری رہے گا ۔واپسی کے پہلے دن 373خاندان 142گاڑیوں کے قافلہ کوپاک فوج کی سخت سکیورٹی میں روانہ کردیا گیا ۔جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک ارمی کے کرنل عمران نے قافلہ کو آئی ڈی پیز کیمپ خرگی سے رخصت کیا ۔

پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان کے زرائع کے مطا بق اپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی کا سلسہ بیس جولائی سے شروع ہوا ہے جوکہ پندرہ اکتوبر تک جاری رہے گا ۔واپسی کے پہلے دن ائی ڈی پیز کیمپ خرگی سے 373خاندانوں جوکہ 142گاڑیوں کے قافلے پر مشتمل تھا روانہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے قافلہ کو رخصت کیا ۔

اس سے قبل پولیٹیکل ایجنٹ اور کرنل عمران نے واپس جانے والے خاندانوں کے سربراہان کو ہار پہنائے اور انھیں اپنے علاقے میں روانہ ہونے پر مبارک باد دی ۔اس موقع پر جنوبی وزیرستان کے ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ ، لدھا سب ڈویژن کے اے پی اے ،اے پی او اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔واپس جانے والے یہ خاندان اپنے گھروں کو نو سال بعد جارہے تھے ۔یہ متاثرین اپنے گھروں کی واپسی پر بہت خوش تھے۔

رحمت اللہ خان محسود، گل بادشاہ اور دیگر کا کہناتھا کہ پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ نے ہمیں اپنے علاقے میں پہنچارہے ہیں اس پر ہم بہت خوش ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ہم اپنا علاقہ کو پھر سے اباد کریں گے۔آئی ڈی پیز کیمپ میں میڈیا سے باتچیت کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک کا کہناتھا کہ واپسی کا یہ سلسلہ چیف اف ارمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، گورنر سیکرٹریٹ فاٹا ،گورنر اقبال ظفرجھگڑا ،پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان اور دیگر اداروں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ واپس جانے والے خاندانوں کو ٹرانسپورٹ کرایہ کے مد میں سم کے زریعے دس ہزارروپے اور دیگر گھریلواخراجات کے لئے پچیس ہزار روپے دئے جارہے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ جن علاقوں کو یہ واپس بھیجے جارہے ہیں۔ان علاقوں کو پاک فوج نے کلئیر کردئے ہیں۔اور ان علاقوں میں پینے کے پانی ،تعلیم ،صحت اور دیگر منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ متاثرین کو اپریشن کے دوران تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ بھی دیا جائے گا ۔

مکمل تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو چار لاکھ روپے اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو ایک لاکھ ساٹھ ہزا ر روپے دئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلہ میں بیس سے لیکر پچیس ہزار افراد جو کہ 67دیہات پر مشتمل ہیں اپنے اپنے گھروں کو واپس پہنچائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ایک لاکھ افراد اپنے اپنے گھروں کو واپس پہنچائے جا چکے ہیں۔جنوبی وزیرستان کے سرکردہ قبائلی عمائدین نے جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران کی متاثرین کی واپسی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کی خصوصی نگرانی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی شبانہ روز کوششوں سے متاثرین بھی اچھی طریقے سے اپنے گھروں کو نوسال بعد واپس ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :