برطانیہ میں روا ں ہفتے غیر معمولی گرمی،20 جولا ئی برطانیہ میں سال کا اب تک کا گرم ترین دن تھا ،گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشن گوئی

جمعرات 21 جولائی 2016 10:55

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جولائی۔2016ء ) برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ میں اس ہفتے غیر معمولی گرمی کا زور جاری ہے اور بدھ کوملک کے طول و عرض میں سال کا اب تک کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں درجہ حرارت 32.9 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمے کے مطابق، موجودہ گرمی کی لہر اس ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گی۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر داراحکومت میں شدید فضائی آلودگی لے کر آئی ہے جس سے مریضوں اور خاص طور پر سانس کے مریضوں، بزرگ افراد اور بچوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور اس ضمن میں انھیں دھوپ سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لندن بھر کے ٹیوب اسٹیشنوں خاص طور پر واٹرلو اسٹیشن اور پیڈنگٹن ٹیوب اسٹیشن پر ٹرینوں کی تاخیر کی وجہ سے ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے جو سخت گرمی میں گھر واپسی کے لیے ٹرینوں کا انتظار کررہے تھے۔

لندن ٹرانسپورٹ یا ’ٹی ایف ایل‘ کی طرف سے ٹیوب کے مسافروں کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش میں آج 250,000 پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئی ہیں۔داراحکومت لندن کی ایمبولیس سروس نے لندن کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی کے دنوں میں اپنی دیکھ بھال کریں۔محکمے کا کہنا ہے کہ اسے معمول سے 300 سے زائد کالیں ایسے مریضوں کی موصول ہوئی ہیں جو گرمی کی لہر کے اثرات کی وجہ سے شدید بیمار ہوگئے تھے

متعلقہ عنوان :