ہمایوں چاچا تحریک انصاف کا اصل اثاثہ تھے ،پرویز خٹک

ان کا خلاء پارٹی میں کبھی پر نہیں ہو گا ،ہمایوں چاچا نے پارٹی کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

بدھ 20 جولائی 2016 09:39

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جولائی۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو ا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمایوں چاچا تحریک انصاف کے اصل اثاثہ تھے ان کا خلاء پارٹی میں کبھی پر نہیں ہو گا ہمایوں چاچا نے پارٹی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں وہ کوہاٹ میں تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر ہمایون چاچا کی وفات پر اظہار تعزیت کے دوران ان کے اہلخانہ سے گفتگو کر رہے تھے ان کے ہمراہ ا سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی اور رکن صوبائی اسمبلی ضیاء الله بنگش بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کوہاٹ کے سابق ضلعی صدر محمد ہمایون چاچا مرحوم کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ نے کوہاٹ میں پی ٹی آئی کو فعال بنانے کیلئے مرحوم محمد ہمایون چاچاکی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے عظیم اثاثہ تھے ان کی موت سے پارٹی ایک مخلص اور سچے انسان سے محروم ہو گئی وہ ملنسار، غریب پرور اور عاجز انسان تھے اور پوری پارٹی کو ان پر ناز ہے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ترقی کیلئے ان کی خدمات کو مدتوں تک یاد رکھا جائے گا اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے آئل ریفائنری کی کرک منتقلی سے متعلق کہا کہ ایسا کوئی باقاعدہ فیصلہ نہیں ہوا ہے تاہم آئل ریفائنری قابل عمل اور موزوں جگہ پر ہی بنے گی افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاق کو دسمبر2016 تک ٹائم دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اگلے چھ مہینوں میں ان کی باعز ت واپسی کا انتظام ہو جائے گاوزیر اعلیٰ نے سی پیک منصوبے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت پشاور ایکسپریس وے کو فیڈرل بجٹ میں شامل کرنے کے علاوہ جھنڈ سے کوہاٹ تک روڈ اور پشاور سے ڈی آئی خان تک ریلوے ٹریک بھی تعمیر کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی خوشحالی کا منصوبہ ہے اور اس سے خیبر پختونخوا سمیت پورا ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گادریں اثناء وزیر اعلیٰ پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما آفتاب عالم آفریدی کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔