نیب خیبر پختونخوا نے بدعنوانی کے الزامات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب خیبر پختونخوا رومان ظہیر کو گرفتار کر لیا

بدھ 20 جولائی 2016 09:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جولائی۔2016ء)قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے بدعنوانی کے الزامات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب خیبر پختونخوا رومان ظہیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم رومان ظہیر بادی النظر میں دیگر کے ساتھ مل کر بدعنوانی میں ملوث ہے جو کہ نیب آرڈیننس 1999ء کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ ملزم نے نیب کی انکوائری بند کرنے کا لالچ دے کر بد دیانتی، دھوکہ دہی اور غیر قانونی طریقہ سے ذاتی فوائد حاصل کئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نیب پشاور نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ واضح رہے کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے اور اپنے ملازمین میں بدعنوانی کی روک تھام اس کی اولین ترجیح ہے۔ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی سے متعلق چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی واضح ہدایت کے بعد نیب خیبر پختونخوا نے یہ اقدام اٹھایا ہے تاکہ بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تشکیل کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا جاسکے۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :