کور کمانڈر راولپنڈی کی آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر ‘ چیف سیکرٹری سے الگ الگ ملاقاتیں

آزاد کشمیر حکومت نے پر امن الیکشن کے انعقاد کیلئے 21 جولائی کو فوج طلب کرلی

بدھ 20 جولائی 2016 09:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جولائی۔2016ء) کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال نے آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر ‘ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آزاد کشمیر حکومت نے پر امن الیکشن کے انعقاد کیلئے 21 جولائی کو فوج طلب کرلی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمیشنر ‘ آئی جی اور چیف سیکرٹری سے الیکشن کے انعقاد کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کشمیر میں پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے فوج طلب کرلی ہے۔ قیام امن کیلئے فوج کے دستے پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے۔ پاک فوج سول انتظامیہ سے بھرپور معاونت کرے گی تاہم کشمیر میں انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔