سعودی عرب میں حجاج کرام کیلئے ٹرانسپورٹ اور رہائش سمیت تمام تر انتظامات مکمل ، 4اگست سے حج پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا، سردار یوسف

دی عرب میں حجاج کی شناخت بارے جی پی ایس سسٹم سے منسلک بریسلیٹ پہنایا جائے گا پرائیویٹ حج کمپنیوں کی جانب سے حجاج کرام کے ساتھ معاہدے کے تحت سہولیات کی عدم فراہمی پر سخت کاروائی کی جائے گی رویت ہلال کمیٹی کو آئینی حیثیت دینے کیلئے ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے کمیٹی کا چیرمین ایسے فرد کو منتخب کیا جائے گا جس پر تمام مکاتب فکر پوری طرح متفق ہوں ،وزارت کی سطح پر بین الاقوامی مذہبی ہم اہنگی کانفرنس جلد ہی منعقد کی جائے گی ، وفاقی وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس

بدھ 20 جولائی 2016 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کرام کیلئے ٹرانسپورٹ اور رہائش سمیت تمام تر انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں 4اگست سے حج پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا،سعودی عرب میں حجاج کی شناخت بارے جی پی ایس سسٹم سے منسلک بریسلیٹ پہنایا جائے گا،پرائیویٹ حج کمپنیوں کی جانب سے حجاج کرام کے ساتھ کئے گئے معاہدے کے تحت سہولیات کی عدم فراہمی پر سخت کاروائی کی جائے گی،رویت ہلال کمیٹی کو آئینی حیثیت دینے کیلئے ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے کمیٹی کا چیرمین ایسے فرد کو منتخب کیا جائے گا جس پر تمام مکاتب فکر پوری طرح متفق ہوں ،وزارت کی سطح پر بین الاقوامی مذہبی ہم اہنگی کانفرنس جلد ہی منعقد کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ امسال وزارت مذہبی امور نے حج کے سلسلے میں تمام تر انتطامات مکمل کر لئے ہیں اور اگست کے مہینے سے حج فلائٹس شروع کر دی جائیں گی انہوں نے بتایاکہ سعودی عرب میں پاکستانی عازمین کیلئے رہائش گاہوں اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرلیا گیا ہے حجاج کو سعودی عرب میں پاکستانی کھانے فراہم کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال منیٰ میں پیش آنے والے حادثے کے بعد حجاج کی شناخت کیلئے تمام عازمین کو حفاظتی بریسلیٹ فراہم کی جائے گی جس میں ان حجاج کا تمام ڈیٹا محفوظ ہوگا اور یہ بریسلیٹ جی پی ایس سسٹم سے منسلک ہوگاانہوں نے کہاکہ یہ بریسلیٹ سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جانے والے تمام حاجیوں کو فراہم کیا جائے گاانہوں نے کہاکہ پرائیویٹ حج کمپنیوں کی جانب سے حج سکیم کیلئے 15کے قریب پیکیج بنائے گئے ہیں اور ان پیکیجز کے تحت جانے والے عازمین کی مفادات کے تحفظ کیلئے سعودی عرب میں خصوصی کمیٹی موجود ہوگی اگر کسی بھی کمپنی نے اپنے شرائط کے مطابق سہولیات فراہم نہ کی تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی انہوں نے بتایاکہ سعودی عرب کے حالیہ دورے کے موقع پر تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ وزارت کی خصوصی کوششوں سے ملک میں امسال ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید الفطر منانے کی روایت قائم ہوئی ہے جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے انہوں نے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی کو آئینی اور قانونی حیثیت دینے کیلئے وزارت نے ڈرافت تیار کیا ہے رویت ہلال کمیٹی میں تمام مکاتب فکر کو نمائندگی دی جائے گی اور ایسے شخص کو چیرمین منتخب کیا جائے گا جس پر مکمل اتفاق رائے ہوانہوں نے کہاکہ وزارت نے ملک میں مذہبی ہم اہنگی کیلئے بھی بھرپور اقدامات کئے ہیں اور پورے کے علماء و مشائخ پر مشتمل علماء مشائخ کونسل قائم کی گئی ہے جس کا ایک اجلاس ہوچکا ہے اور دوسری اجلاس بہت جلد ہوگا انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا میں اسلام کا تشخص اجاگر کرنے اور اسلام کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا جواب دینے کیلئے جلد ہی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی انہوں نے بتایاکہ وزارت ملک میں ایک ہی وقت نماز کے اوقات مقرر کرنے کے لئے بھی اقدامات کر رہی ہے اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ اس پر مشاورت کی جا چکی ہے اور اب اس کونافذ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ملک میں غلطیوں سے پاک قرآن پاک کی طباعت کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں اسی طرح سکولوں کی سطح پر قرآن پاک کی لازمی تعلیم کے حوالے سے سفارشات منظوری کے بعد وزارت تعلیم کو بھجوا ئی گئی ہیں جس پر بہت جلد عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :