پاکستان تحریک انصاف کا آئندہ پیر کو نیب کے دفترکے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ

اسحق ڈار کو نیب کی جانب سے کلین چٹ دے کر ان کا کیس بند کرنا نیب کی نا اہلی اور جانبداری کی زندہ مثال ہے،سیف اللہ خان نیازی

منگل 19 جولائی 2016 10:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جولائی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی کی زیر صدارت راولپنڈی، اسلام آباد کے پارٹی عہدیداروں ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آئندہ پیر کے روز نیب کے دفترکے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا،سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ ف اسحق ڈار کو نیب کی جانب سے کلین چٹ دے کر ان کا کیس بند کرنا نیب کی نا اہلی اور جانبداری کی زندہ مثال ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل آفس اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے لوکل گورنمنٹ کے چئیرمین و وائس چئیرمین، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیب کی کارکردگی اور وزیراعظم کے سمدھی اسحق ڈار کا کیس بند کرنے پرسخت مایوسی اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔

سیف اللہ نیازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب حکومتی دباو میں آکر فیصلے کررہا ہے۔ اجلاس میں حکومتی دبا? میں آکر نیب کے فیصلوں پر شدید تنقید کی گئی۔ سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ اسحق ڈار کو کلین چٹ دے کر ان کا کیس بند کرنا نیب کی نا اہلی اور جانبداری کی زندہ مثال ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے پیر کے روزاسلام آباد میں نیب کے دفتر سامنے احتجاج کیا جائے گا۔

احتجاج سے متعلق تمام ذمہ دارایاں راولپنڈی میں قومی اور صوبائی اراکین اسمبلی جبکہ اسلام آباد میں یونین کونسلوں کے چئیرمین اور امید واروں کو سونپ دی گئیں ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر کے روز دوپہر 2بجے تمام کارکنان پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل آفس میں جمع ہونگے جہاں سے وہ سیف اللہ نیازی کی رہنمائی میں نیب کے مرکزی دفتر پیدل روانہ ہوں گے جہاں احتجاج کیا جائے گا۔اجلاس میں پانامہ لیکس پر حکومت مخالف تحریک سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔