اسلام آباد،تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے انڈر نائنٹین ہاکی کے دوکھلاڑیوں کو چرس پینے کا الزام لگاتے کر تھانے بند کردیا

چار گھنٹے تک تھانے میں رکھنے کے بعد والدین کو تھانے بلواکر مبینہ طورپر 'لین دین' کرکے لڑکوں کو چھوڑ دیا گیا

منگل 19 جولائی 2016 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جولائی۔2016ء )تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے آئی ایٹ ہاکی گراؤنڈ سے قومی سطح پر انڈر نائنٹین ہاکی کھیلنے والے دوکھلاڑیوں کوبلاوجہ پکڑنے کے بعد انہیں چرس پینے کا الزام لگاتے ہوئے تھانے میں لے جاکر بند کردیا۔تاہم چار گھنٹے تک تھانے میں رکھنے کے بعد پولیس نے دونوں نوجوان کھلاڑیوں کے والدین کو تھانے بلواکران سے مبینہ طورپر ''لین دین'' کرکے لڑکوں کو چھوڑ دیا گیا۔

۔معلوم ہواہے کہ سوموار کے روزتقریباً تین بجے آئی ایٹ میں واقع ہاکی گراؤنڈ میں مقامی ہاکی کلب کے کھلاڑی پریکٹیس میچ کھیل رہے تھے جبکہ ہاکی کابہترین کھلاڑی16سالہ وقاص الحق جوکہ قومی سطح پر انڈرنائن ٹین بھی کھیل چکے ہیں اپنے ساتھی کھلاڑی کے ہمراہ گراؤنڈ کے ساتھ گرین ایریامیں کچھ دیرکے لئے بیٹھاآرام کررہاتھاکہ اسی دوران تھانہ آئی نائن کی گشت پر مامورپولیس اے ایس آئی اظہرجاوید دیگرنفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

جنہوں نے دونوں کھلاڑیوں سے یہاں بیٹھنے کی وجہ پوچھی توانہوں نے بتایاکہ ہماری ٹیم میچ کھیل رہی ہے اورہم کچھ دیرکے لئے یہاں بیٹھے ہیں۔اس دوران مذکورہ اے ایس آئی نے تلخ لہجہ اپنایا جس پر ایک نوجوان نے بھی اسی لہجے میں جواب دیاجس پر مذکورہ اے ایس آئی دونوں کھلاڑیوں کو زبردستی پولیس وین میں ڈال کر تھانے لے آیا اورانہیں چرس پینے کا الزام لگاتے ہوئے تھانے میں بند کردیا۔

بعدازاں دونوں کھلاڑیو ں نے اپنے والدین کوفون کرکے اطلاع دی جس پر تقریباً چارگھنٹے کے بعد نوجوانوں کو تھانے سے رہائی ملی۔بتایا گیا ہے کہ سب انسپکٹر عاشق شاہ اوراے ایس آئی اظہرجاوید نے مبینہ طورپر دونوں لڑکوں کے والدین سے ''لین دین''کرکے دونوں لڑکے ان کے حوالے کیا۔قومی سطح پرانڈرنائنٹین ہاکی کھیلنے والے ان دونوں ہونہار کھلاڑیوں کو دن بھروفاقی پولیس کی طرف سے ذہنی ٹارچرکانشانہ بنانے اوررشوت پر رہائی ملنے پر ان بچوں کے والدین نے شدیداحتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

متاثرہ کھلاڑی وقاص الحق کے والد اسلم نے بتایاکہ بچوں کی رہائی کے لئے بھاری رقم کامطالبہ کیاجارہاتھا۔تاہم سب انسپکٹر عاشق شاہ چند ہزار روپے پر بک گیااوربچوں کورہائی ملی۔اس حوالے سے جب تھانہ آئی نائن کے اے ایس آئی اظہرجاویدسے فون پر رابطہ کیاگیاتوانہوں نے بتایاکہ ان دونوں لڑکوں سے ایک ایک چرس کے سیگریٹ برآمدہوئے تھے۔جب تفتیشی آفیسر سے یہ کہاگیاکہ توپھرقانون کے تحت کارروائی کرنے کی بجائے انہیں پیسے لے کر کیوں چھوڑ دیاگیاجسکے جواب میں وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگا۔اے ایس آئی اظہرجاویدنے مزید کہاکہ میں نے پیسے نہیں لیا۔میں سب انسپکٹرعاشق شاہ کے ساتھ ہوتاہوں۔