پاکستان اب فوجی حکومت اور آمریت کا متحمل نہیں ہوسکتا‘یوسف رضا گیلانی

پانامہ لیکس پر پیپلزپارٹی کا موقف وہی ہوگا جو متحدہ اپوزیشن کا ہوگا۔ پی پی سولو فلائٹ نہیں کرے گی، نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 18 جولائی 2016 10:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جولائی۔2016ء) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اب فوجی حکومت اور آمریت کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ پانامہ لیکس پر پیپلزپارٹی کا موقف وہی ہوگا جو متحدہ اپوزیشن کا ہوگا۔ پی پی سولو فلائٹ نہیں کرے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں کبھی پریشان نہیں ہوا۔

ہم نے ہمیشہ انفرادیت کے بجائے آئین کی حمایت کی پہلے مجھے سزا دی گئی معاملہ بعد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آیا ۔ سیاسی جماعتوں کی نا آشنائی کی وجہ سے پارلیمنٹ کمزور ہوئی۔ ہم نے اپنے دور اقتدار میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی نواز شریف پارلینمٹ کو مضبوط نہیں کر سکے۔ دھرنے کے دنوں میں پیپلزپارٹی نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کا احتساب اب بھی ہورہا ہے سندھ میں بھی پیپلزپارٹی کے لوگوں کا ہی احتساب ہورہا ہے۔ ادارے مضبوط ہوتے تو پانامہ لیکس کا معاملہ حل ہوجاتا پانامہ لیکس پر پیپلزپارٹی متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلے گی سولو فلائٹ نہیں کرے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ پانامہ لیکس کے ٹی او آر بن جائیں ۔ کرپشن میں جو ملوث ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے دہشت گردی کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے علی حیدر کی بازیابی جلد ممکن ہوئی۔ علی حیدر کی بازیابی پربھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیاب رہا ہے۔