آرمینیا میں مسلح افراد کا پولیس سٹیشن پر حملہ

پیر 18 جولائی 2016 10:59

یروان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جولائی۔2016ء)آرمینیا کے دارالحکومت یروان میں ایک مسلح گروہ نے پولیس سٹیشن پر حملہ کر کے وہاں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔مسلح گروہ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔جن قیدیوں کی رہا کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اس میں حزبِ اختلاف کے رہنما جیرائر سیفیلین بھی شامل ہیں۔

گروہ نے دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس سٹیشن میں عملے کو یرغمال بنانے والے گروہ نے آرمینیا کی عوام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئیں۔خیال رہے کہ حزبِ اختلاف کے رہنما جیرائر سیفیلین نے کوہِ قاف میں واقع متنازع علاقے نوگورنو قرہ باغ میں جاری تنازعے کے حوالے سے ملک کے صدر سرگے سارکیسن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔دوسری جانب ملک کے دفاعی ادارے نیشنل سکیورٹی سروس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ اس طرح کے ہر غیرقانونی اقدام کو ملک کے سکیورٹی ادارے کچل دیں گے اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے کھٹہرے میں لایا جائے گا۔