آزاد کشمیر الیکشن، فوج کو آرٹیکل 245کے تحت اختیارات دینے کا نوٹیفیکیشن جاری

یہ ممکن نہیں کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کی خاطر کچھ علاقوں میں فوج تعینات کی جائے اور کچھ میں نہیں،وزیرداخلہ

پیر 18 جولائی 2016 10:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جولائی۔2016ء) وزارتِ داخلہ نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے الیکشن میں سیکیورٹی اور امنِ عامہ کی نگرانی کیلئے فوج کو آرٹیکل 245کے تحت اختیارات دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ آزادکشمیر الیکشن کے لئے فوج کی خدمات کی ریکوزیشن آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزارتِ داخلہ کو کی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ حکومتِ آزاد کشمیر، حکومتِ پنجاب، حکومتِ بلوچستان اور گلگت بلتستان کی حکومت نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں اس درخواست کی توثیق کی تھی۔

(جاری ہے)

حکومتِ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومت نے الیکشن میں فوج کی تعیناتی سے انکار کیا تھا۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ یہ ممکن نہیں کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کی خاطر کچھ علاقوں میں فوج تعینات کی جائے اور کچھ میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک ہی پالیسی پر عمل درآمد اس لئے بھی ضروری ہے کہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکمران جماعتیں خود آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ پیغام صرف آزاد کشمیر کے لئے ہی نہیں پاکستان کے لئے بھی انتہائی اہم ہے کہ کشمیر کے الیکشن شفاف اور غیر متنازعہ ہوں۔