شراب پرمٹوں کیلئے غیر مسلم بننے والے دائرہ اسلام سے خارج قرار

چند ٹکوں کی خاطر خود کو لادین ظاہر کرنے والے دنیا اور آخرت تباہ کر رہے ہیں،شادی شدہ ہیں تو نکاح ختم ہوچکے، مولانا شریف ہزاروی ایسے عناصر اپنے فعل سے توبہ کریں دوبارہ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو جائیں،ابوالخیر زبیر،خود کو غیر مسلم ظاہر کرنیوالے غلط کام کر رہے ہیں،طاہر اشرفی کسی بھی مسلمان کیلئے خود کو غیر مسلم ظاہر کرنا شرعاً حرام اور کسی صورت جائز نہیں ایسے افراد کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے،علامہ عارف واحدی

اتوار 17 جولائی 2016 11:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جولائی۔2016ء) ملک بھر کے جید علماء کرام نے شراب کے پرمٹوں کی خاطر اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرنے والے اشتیاق احمد ولد گل محمد اور طاہرمحمود ترین کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے نکاح ختم ہوچکے ہیں انہیں توبہ کرکے دوبارہ کلمہ پڑھنا اور اپنے نکاح از سرنو کرنے چاہیے ،محض چند ٹکوں کی خاطر اپنے آپ کو لادین ظاہر کرنے والے اپنی دنیا اور آخرت تباہ کر رہے ہیں ایسے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کی جانی چاہیے اسلام آباد کے معروف عالم دین اور جمیعت علماء اسلام کے رہنما مولانا شریف ہزاروی نے کہاکہ شراب کے پرمٹ کے حصول کی خاطر اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرنے والے حقیقت میں دین اسلام سے خارج ہوچکے ہیں اگر وہ شادی شدہ ہیں توان کے نکاح ختم ہوچکے ہیں انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے بعض مسلمان صرف چند ٹکوں کے حصول کی خاطراپنے دین سے دوری اختیار کر جاتے ہیں یہ دولت ان کے کسی کام نہیں آنے والی ہے انہوں نے کہاکہ جو شخص اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرتا ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق باقی نہیں رہ جاتا ہے اور اگر اس حالت میں وہ مرجاتا ہے تو اس دنیا سے بے ایمان چلا جاتا ہے پاکستان ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ مولانا ابوالخیر زبیر نے کہاکہ جو شخص یہ اقرار کر رہا ہے کہ وہ غیر مسلم ہے اس کا اسلام سے کوئی بھی تعلق باقی نہی رہا ہے اور دائرہ اسلا م سے خارج ہوچکا ہے انہوں نے کہاکہ جو لوگ محض دولت کمانے کیلئے اپنے آپ کو غیرمسلم ظاہر کرتا ہے تو وہ کہاں کا مسلمان رہ جاتا ہے ایسے عناصر کو فوری طور پر اپنے فعل سے توبہ کرنا چاہیے اوردوبارہ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو جائے انہوں نے کہاکہ جو لوگ شراب کے پرمٹوں کی خاطر اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرتے ہیں ان کا پتہ چل جانے پر ان کے خلاف قانونی کاروائی کرنی چاہیے پاکستان علماء کونسل کے چیرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ شراب کے پرمٹوں کی خاطر جو مسلمان اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرتے ہیں وہ بہت غلط کام کر رہے ہیں مسلمان کو چند ٹکوں کے حصول کی خاطر اپنے آپ کو بے دین کسی صورت ظاہر نہیں کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ جو مسلمان اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرتا ہے ان کے بارے میں فتوی مفتی حضرات ہی دے سکتے ہیں شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے بتایاکسی بھی مسلمان کیلئے اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرنا شرعاً حرام ہے اور کسی بھی صورت جائز نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ایسے افراد کے خلاف سخت ترین کاروائی ہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ شراب کے پرمٹ کے حصول کی خاطر اپنے آپ کو غیر مسلم ظاہر کرنے والے اپنی آخرت خراب کر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سن ڈپلومیٹیک بانڈ ڈ ویئر ھاؤس اسلام آباد کے ڈائریکٹر اشتیاق احمد ولد گل محمد اور طاہرمحمود ترین ولدیت گل محمد نے خود کو (احمدی) غیر مسلم ظاہر کر کے اسلام آباد میں غیرملکی شراب فروخت کرنے کا لائسنس حاصل کر رکھا ہے، تاہم نادرا ریکارڈ کے مطابق دونوں مسلمان ہیں۔

متعلقہ عنوان :