برطانوی ماہر نے 40 سال تک روشن رہنے والی سفید ایل ای ڈی تیار کرلی

ایل ای ڈیز کو اگر روزانہ 10 گھنٹے تک جلایا جائے تو یہ تقریباّ 40 سال تک پوری روشنی دیتی رہیں گی

ہفتہ 16 جولائی 2016 11:27

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جولائی۔2016ء ) برطانوی موجد نے ایسی ماحول دوست اور کفایت شعار سفید ایل ای ڈی تیار کی ہے جو 40 سال تک پوری روشنی دے سکتی ہے۔جیک ڈائیسن نے اپنی وضع کردہ یہ ایل ای ڈی استعمال کرتے ہوئے مختلف الاقسام لیمپ تیار کرلیے ہیں جو وہ اپنی ہی کمپنی سے فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنی کمپنی کے تیار کردہ ہر لیمپ میں ایل ای ڈیز کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایک خصوصی نظام کا اضافہ کیا ہے جس کی بدولت یہ ایک لمبے عرصے تک پوری روشنی دے سکتی ہیں۔

اگرچہ یہ لیمپ کم خرچ تو قرار نہیں دیئے جاسکتے کیونکہ ان کی کم سے کم قیمت بھی تقریباً 65,000 پاکستانی روپوں کے مساوی ہے، لیکن 40 سال تک پوری روشنی دینے کے قابل ہونا ان کی ایک اہم خوبی ہے۔ جیک ڈائیسن لائٹنگ کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ ایل ای ڈیز 144,000 گھنٹے تک روشن رہنے کے قابل ہیں۔

(جاری ہے)

یعنی اگر انہیں روزانہ 10 گھنٹے تک جلایا جائے تو یہ تقریباّ 40 سال تک پوری روشنی دیتی رہیں گی۔

ڈائیسن کے مطابق، 40 سال پورے ہونے کے بعد بھی ان سفید ایل ای ڈیز کی روشنی میں 30 فیصد تک کمی واقع ہوگی۔عام ایل ای ڈیز اوسطاً 50,000 گھنٹے تک روشن رہ سکتی ہیں۔ یعنی اگر انہیں روزانہ 10 گھنٹے جلایا جائے تو وہ تقریباً 17 سال تک کار آمد رہیں گی۔ جیک ڈائیسن لائٹنگ کے ایل ای ڈی لیمپ ان کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ عرصے تک روشن رہ سکیں گے۔