خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، خطے کے مفاد کے لئے پاکستان افغانستان کے درمیان ہمسائیگی کے بہتر تعلقات کی ضرورت ہے

امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان میکین کی پاکستان سفیر جلیل عباس جیلانی سے ملاقات میں گفتگو ، پاک فوج کے دہشتگردی کے خلاف کردار کی تعریف

جمعہ 15 جولائی 2016 10:53

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جولائی۔2016ء ) امریکہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، خطے کے مفاد کے لئے پاکستان افغانستان کے درمیان ہمسائیگی کے بہتر تعلقات کی ضرورت ہے ۔جمعرات کو امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان میکین سے یہاں کیپٹول ہل میں ملاقات کی ۔

جان مکین حالیہ دنوں میں کانگریس کے دیگر ارکان کے ہمراہ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کر چکے ہیں ، وفد کے دیگر ممبران میں سینیٹر لنڈسے گراہم جوڈومنیلی اور بین ساسے شامل ہیں۔ ملاقات کے دوران جلیل عباس جیلانی نے سینیٹر میکین کو خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور پاکستان کے امن واستحکام کے عزم بارے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

سینیٹر جان مکین نے وزیرستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں اور خطے کے دیگر ممالک کے دورے کے بارے میں اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے پاک فوج کی طرف سے شروع کئے گئے آپریشنز کے نتیجے میں خطے میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کاکام انتہائی موثر کن طریقے کیا جا رہا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاکستانی فوجیوں کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میکین نے پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکہ خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کی دہشتگردی سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، سینیٹر جان میکین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر ہمسایوں کے تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خطے کے مفاد میں ہے ۔