مصباح الحق، اظہر علی، جنید خان، یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ کلیئر نکلے

جمعرات 14 جولائی 2016 11:55

لاہور ،لارڈز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جولائی۔2016ء)دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہونے والے ڈوپ ٹیسٹ کلیئر ہوگئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے دورہ انگلینڈ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگنے والے مختصر تربیتی کیمپ کے دوران چار کھلاڑیوں جن میں ٹیسٹ کپتان، مصباح الحق، ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی، فاسٹ باؤلر جنید خان اور سپن باؤلر یاسر شاہ کے پیشاب کے نمونے حاصل کئے تھے۔

جنہیں بعدازاں آئی سی سی اور واڈا کی منظور شدہ لیبارٹری میں رزلٹ کے لئے بھجوادیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے کلیئرنس رپورٹ بھی موصول ہوگئی ہے جس میں بتایا گیا ہے تمام کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کلیئر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ حلقوں کو قومی ٹیم کے سپن باؤلر یاسر شاہ کے حوالے تشویش لاحق تھی تاہم ان کی رپورٹ کلیئر آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل امارات میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آگیا تھا جس کی بناء پر انہیں تین ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر رہنا پڑا تھا۔ یاسر شاہ کے پازیٹو ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے ٹی ٹونٹی ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے۔پاکستان ٹیم کے چار کھلاڑیوں کے لئے جانے واے یورن سیمپل کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو کھلاڑیوں خاص طور پر یاسر شاہ کے حوالے سے تشویش لاحق تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ حکام نے کھلاڑیوں کی پازیٹو رپورٹ کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کو آگاہ کردیا ہے۔ آئی سی سی کسی بھی موقع پر کسی بھی کھلاڑی کا رینڈم ڈوپ ٹیسٹ لے سکتا ہے۔ پاکستان کے چاروں کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ بھی اسی سلسلہ کی کڑی تھے۔

متعلقہ عنوان :