مریدکے، دربار پر سلام کرنے جانیوالی خواتین کے ساتھ بااثر اوباش نوجوانوں کی بد تمیزی

خواتین ایک نوجوان کو دبوچ کر تھانہ سٹی لے گئیں ،مبینہ ملزم کے ساتھیوں کا دوبارہ حملہ پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا

جمعرات 14 جولائی 2016 10:44

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جولائی۔2016ء) دربار پر سلام کرنے جانے والی خواتین کے ساتھ بااثر اوباش نوجوانوں کی بد تمیزی، خواتین ایک نوجوان کو دبوچ کر تھانہ سٹی لے گئیں جہاں پر مبینہ ملزم کے ساتھیوں نے دوبارہ حملہ کر دیا۔ پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق کشور بی بی نامی خاتون بااثر ملزمان کے ساتھ جھگڑے کے بعد تھانہ سٹی پہنچی تو خرم شہزاد، عثمان ، فیاض، وحید عنائت ، عثمان ولد عباس ، بگا راجپوت وغیرہ نے تھانہ میں پہنچ کر خواتین کے ساتھ دوبارہ بد تمیزی شروع کر دی اور ان کے ساتھ دست و گربیان ہو گئے۔

پولیس کے منع کرنے پر مبینہ ملزمان نے اپنے مزید بیس کے قریب ساتھیوں کو بذریعہ موبائل فون بلا لیا جو ڈنڈوں او ر سوٹوں سے مسلح ہو کر آگئے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی دست درازی کی اور محرر تھانہ سے حوالات کی چابیاں اور سنتری سے سرکاری رائفل چھیننے کی کوشش کی۔ ملزمان نے سب انسپکٹر محمد یوسف کی جیب سے دس ہزار روپے کی نقدی بھی نکال لی۔

پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ باقی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق داوٴکے کی رہائشی خواتین جلال ٹاوٴن کے علاقہ میں قائم دربار بابا بوری والا پر سلام کرنے کی غرض سے گئیں جہاں پر نصف درجن کے قریب بااثر اوباش نوجوانوں نے ان کے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ شروع کر دی۔ خواتین کی مزاحمت پر اوباشوں نے ان پر تشد د شروع کردیا۔

خواتین نے جرأت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ایک اوباش کو دبوچ لیا اور تھانہ سٹی مریدکے پہنچ گئیں جس کے فوری بعد دوسرے اوباشوں نے تھانہ پہنچ کر بھی پولیس کے سامنے خواتین کوتھپڑ مارنے شروع کردیئے جس کے بعد پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ سب انسپکٹر محمد یوسف کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 382/16درج کر لیاہے۔ خواتین کو الگ مقدمہ کے اندراج کے لیے ضرورری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :