ملک میں بعض ایسے جاہل ہیں جن کو جمہوریت راس نہیں آتی ،سعد رفیق

کچھ لوگ سمجھتے ہیں پوسٹر لگا دیں گے تو تلخی پیدا ہو گی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج کے رویے نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ، تقریب سے خطاب

جمعرات 14 جولائی 2016 10:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں بعض ایسے جاہل ہیں جن کو جمہوریت راس نہیں آتی، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ پوسٹر لگا دیں گے تو تلخی پیدا ہو گی ۔ راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہیں بھارتی فوج کے رویے نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ۔

پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ ہے ۔ پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں بیڈگورننس کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے نون لیگ کے سوا کسی جماعت نے آزاد کشمیر کا منشور پیش نہیں کیا نون لیگ کے کارکنوں کی ہلاکت بڑا المیہ ہے کشمیر میں ووٹ مانگتے وقت احتیاط کرنا ہو گی انہوں نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی بحالی کے لئے تحریک شروع کی تھی اور لانگ مارچ کیا حکومت گرانے کے لئے نہیں کیا تھا اور لانگ مارچ کا آغاز لاہور سے کیا جو بحالی کا کریڈٹ نواز شریف ، وکلاء اور یوسف رضا گیلانی کو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ججز بحال ہوتے ہی لانگ مارچ ختم کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی حکومت 2018 تک رہے گی بعض ایسے جاہل ہیں جن کو جمہوریت راس نہیں آتی ۔ پوسٹر لگا کر تلخی پیدا کرنے کی سازش کی گئی پانامہ لیکس میں نواز شریف نہیں ان کے بچوں کا نام ہے دھرنا سیاست نہ ہوتی تو لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہوتی ۔