پی آئی اے کا غیر ملکی چیف ایگزیکٹو آفیسرکی تنخواہ میں 8 لاکھ روپے کا اضافہ کرنے کا فیصلہ

برینڈ ہلڈن کی تنخواہ 12 لاکھ روپے سے بڑھ کر 20 لاکھ روپے ہو جائے گی تنخواہ میں اضافہ کا معاملہ زیر غور، سیکورٹی کلیئرنس کا معاملہ ابھی زیر التواء ہے ، ہم کوشش کررہے ہیں یہ بھی جلد ہوجائے،ترجمان پی آئی اے

بدھ 13 جولائی 2016 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جولائی۔2016ء) پی آئی اے نے غیر ملکی چیف ایگزیکٹو آفیسر برینڈ ہلڈن کی تنخواہ میں 8 لاکھ روپے کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب ان کی تنخواہ 12 لاکھ روپے سے بڑھ کر 20 لاکھ روپے ہو جائے گی۔ برینڈ ہلڈن کو 9 مئی 2015 ء سے چیف آپریٹنگ آفیسر کے طور پر ترقی دی گئی تھی تاہم ان کی سیکیورٹی کلیئرنس کا مسئلہ درپیش تھا البتہ پی آئی اے نے اب ان کی تنخواہ میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ابھی تک ان کی سیکیورٹی کلیئرنس مکمل طورپر کلیئر نہیں ہوئی ہے۔

برینڈ ہلڈن کا تعلق جرمنی سے ہے اور ایوی ایشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ برینڈ ہلڈن 40 سال تک لفتھانسا ایئرلائن میں کام کر چکے ہیں۔اس حوالے سے جب پی آئی اے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ مسٹر برینڈ ہلڈن کی تنخواہ میں اضافہ کا معاملہ زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ اس کی منظوری بورڈ کے آئندہ اجلاس میں ہوجائے گی لیکن اس کے باوجود ادارہ یہ سمجھتا ہے کہ یہ تنخواہ برینڈ ہلڈن کے شایان شان نہیں ہے کیونکہ ان جیسے عالمی پروازوں کا تجربہ رکھنے والے شخص کا پاکستان جیسے ملک میں آ کر کام کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے کیونکہ ہمارے ملکی مسائل اپنی جگہ پر ہیں اور ادارے کے اندر ڈسپلن کو مزید بہتر کرنا بھی بہت ضروری ہے۔

یہی وجہ ہے کہ برینڈ ہلڈن کی تقرری کے بعد پی آئی اے کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور ادارہ پہلے سے زیادہ بہتر کام کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک سیکیورٹی کلیئرنس کا تعلق ہے تو مسٹر برینڈ ہلڈن بارے سیکورٹی کلیئرنس کا معاملہ ابھی زیر التواء ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ یہ بھی جلد ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے مزید غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ ٹیموں کی طرح کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے غیرملکی کوچز اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا رحجان تمام انٹرنیشنل ایئرلائنوں میں پروان چڑھ رہا ہے جیسا کہ ایمرٹس ایئرلائن کے لئے ٹموتھی کلارک کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جوکہ برٹش شہری ہیں۔ اتحاد ایئرویز کے سی ای او اور صدر کے لئے ایک آسٹریلین جیمزہوگن کی تقرری ہو چکی ہے اور ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے پال گریگس ٹووچ اومان ایئرلائن کے سی ای او ہیں۔اسی طرح کئی اور کمپنیوں نے غیر ملکی ماہرین کے ذریعے اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے۔ پی آئی اے بھی انہی کے نقش قدم پر رواں دواں ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم مسٹر برینڈ ہلڈن کو دیگر اداروں کے سربراہان کی نسبت بہت کم تنخواہ دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :