عالمی ثالثی عدالت نے جنوبی بحیر ہ چین پر بیجنگ کا دعویٰ مسترد کردیا

فلپائن کے حق میں فیصلہ سنا دیا ، چین نے عدالتی فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا

بدھ 13 جولائی 2016 10:45

ہیگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جولائی۔2016ء) عالمی ثالثی عدالت نے جنوبی بحیر ہ چین پر بیجنگ کے دعووٴں کے خلاف اور فلپائن کے حق میں فیصلہ سنا دیا جب کہ چین نے عدالتی فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ہالینڈ کے شہر ہیگ میں عالمی ثالثی عدالت نے جنوبی بحیرہ چین پر بیجنگ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ چین کے پاس متنازع علاقے میں تاریخی حق کا دعوی کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔

497 صفحات پر مبنی عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چین کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سمندری حدود میں گشت فلپائن اور چین کے درمیان نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔چین نے پہلے ہی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا تھا اور فیصلہ آنے کے بعد چین کے وزارت خارجہ نے عدالتی فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے جزائر اقتصادی زون ہیں جہاں گزشتہ 2 ہزار سال سے لوگوں کی تاریخی سرگرمیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اپنے جزائر پر معاملے کے حل کے لئے کسی تیسرے فریق کے فیصلے کو قبول نہیں کرے گا اور اس حوالے سے چین پر نافذ کئے جانے والے کسی فیصلے کو بھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ جنوبی بحیرہ چین قدرتی وسائل سے مالا مال جزیرہ ہے جہاں سے سالانہ 5 کروڑ ڈالر سے زائد کی تجارت ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :