جنوبی پنجاب میں را اور افغان انٹیلی جینس کی موجودگی کا انکشاف

دہشتگرد ممکنہ طور پر سی پیک منصوبے کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں ، را او این ڈی ایس کے جنوبی پنجاب میں 7 گروپ فعال کر دیئے گئے

منگل 12 جولائی 2016 10:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جولائی۔2016ء )بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کے کارندوں کی جنوبی پنجاب میں موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اور خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد سی پیک منصوبے کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ میڈیا کو دستیاب ہونے والے وزارت داخلہ کے حساس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ را اور این ڈی ایس کی جانب سے جنوبی پنجاب میں 6 سے 7 گروپس فعال کئے گئے ہیں جن کا مقصد سی پیک منصوبے کونقصان پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے کے مطابق گروپس کے کارندے بھکر ، لیہ ، ڈی جی خان میں موجود ہیں اور ان کے تانے بانے کے پی کے میں ڈیرہ اسماعیل خان اور بلوچستان کے علاقے ڑوب میں موجود ان کے سرپرستوں سے ملتے ہیں اور ان کارندوں کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حمایت بھی حاصل ہے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد افراتفری پھیلانے کے لئے سی پیک منصوبے کے قریب خود کش حملے کر سکتے ہیں اور انجنیئرز سمیت دیگر اہم افراد کو اغوا بھی کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :