وزیراعظم نواز شریف آئندہ ہفتہ کراچی کا دورہ کریں گے

کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ، دہشت گردوں کے خلاف رینجرز آپریشن کاجائزہ سمیت سندھ حکومت سے مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کرینگے

پیر 11 جولائی 2016 09:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جولائی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف آئندہ ہفتہ کے دوران کراچی کا دورہ کریں گے۔ دورے کا مقصد کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ دہشت گردوں کے خلاف رینجرز آپریشن کاجائزہ سمیت سندھ حکومت سے مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کرنا ہے ۔ بتایا جاتا ہے وزیراعظم دورہ کراچی کے دوران بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی قبر پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے علاوہ مرحومہ ایدھی کی بیوہ اور بچوں سے ملاقات بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسانی خدمت کے حوالے سے کوئی اہم اعلان بھی متوقع ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹروں کی ٹیم نے اتوار کی شام جاتی عمرہ میں وزیراعظم کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مزید دو روز جاتی عمرہ میں قیام و آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وزیراعظم نے اسلام آباد جانے کا پروگرام آئندہ دو روز کے لئے ملتوی کردیا ہے۔ امکان ہے کہ وزیراعظم اب پیر کے روز اسلام آباد جانے کی بجائے منگل کی شام یا بدھ کی صبح اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ بلائے گئے مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔