الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی 25 جولائی تک کر دی جائے گی ،اسحاق ڈار

پانامہ لیکس تحقیقات کے لئے ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہوا تو حقائق قوم کے سامنے رکھ دیں گے 2018 کا پاکستان روشن اور خوشحال ہو گا،لاہور میں میڈیا سے گفتگو

پیر 11 جولائی 2016 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جولائی۔2016ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی 25 جولائی تک کر دی جائے گی ۔ پانامہ لیکس تحقیقات کے لئے ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہوا تو حقائق قوم کے سامنے رکھ دیں گے ۔ 2018 کا پاکستان روشن اور خوشحال ہو گا اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آئین 45 دن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کی اجازت دیتا ہے ۔

25 جولائی تک الیکشن کمیشن کے تمام ممبران کی تعیناتی کی کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کی بجائے ملکی مفادات سب کی ترجیح ہونی چاہئے اپوزیشن ٹی او آرز کے نام پر سیاست کر رہی ہے تحریک انصاف نے پہلے دھاندلی کے الزامات لگائے جن کی حقیقت جوڈیشل کمیشن میں سامنے آ گئی دھرنے مسائل کا حل نہیں دھرنوں کا انجام پہلے بھی قوم کے سامین ہے انہوں نے کہا کہ ہم ایسا قانون چاہتے ہیں جس میں سب کا بلاامتیاز احتساب ہو ہماری کوشش ہے کہ پانامہ کے ٹی او آرز پر اتفاق رائے ہو ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن سے مل بیٹھ کر مسائل حل ہو سکتے ہیں اگر ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہوا تو حقائق عوام کے سامنے لائیں گے ہم اپنے اور اپوزیشن کے ٹی او آرز قوم کے سامنے رکھیں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سیالکوٹ کے جلسے کا حال سب نے دیکھ لیا ۔اس جلسے میں 80 فیصد کرسیاں خالی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کے نام پر کرپشن نہیں چھپا رہے ہم نے قانون بنایا ہے تمام تحقیقات ایک ہی قانون کے تحت کی گئی ہیں ہم نے ایمانداری سے ٹی او آرز بنائے تھے مسائل حل نہ ہوئے تو اپوزیشن کی تجاویز قوم کے سامنے پیش کریں گے ۔