سابقہ اہلیہ کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرنے والا پاکستانی انٹرپول کے ذریعے گرفتار

اتوار 10 جولائی 2016 11:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جولائی۔2016ء) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بْک پر اپنی سابقہ اہلیہ کی قابل اعتراض تصاویر شائع کرنے پر سعودی عرب میں موجود پاکستانی شخص کو انٹر پول کی مدد سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لاہور کے سائبر کرائم ونگ کو شکایت کنندہ خاتون نے بتایا کہ ایک سال قبل میری مذکورہ شخص راجا عبید الرحمان سے طلاق کے بعد علیحدگی ہوئی تھی جس کے بعد عبیدالرحمٰن نے میری دوسری شادی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے سعودی عرب روانگی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک جعلی اکاوٴنٹ بنایا اور اس پر میری قابل اعتراض تصاویر جاری کر دیں۔

اس ضمن میں ایف آئی اے نے تفتیش کی جس کے بعد راجا عبیدالرحمٰن پر خاتون کی جانب سے عائد الزامات سچ ثابت ہوئے ، الزامات سچ ثابت ہونے پر ایف آئی اے نے انٹرپول سے ملزم کی گرفتاری کی درخواست کی اور سعودی عرب میں بطور ڈرائیور کام کرنے والے راجا عبیدالرحمٰن کو گرفتار کرکے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم عبیدالرحمٰن کوالیکٹرانک ٹرانزیکشن آرڈیننس کے سیکشن 36 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور قانون کے مطابق جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 7 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے، ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :