وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور کی کسی اہم سڑک کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنیکا اعلان

ایدھی نے مجھے غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہونا اور مدد کرنا سکھایا ہے،شہبازشریف

اتوار 10 جولائی 2016 11:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جولائی۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبائی دارالحکومت کی کسی اہم سڑک کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنیکا اعلان کر دیا۔ انکا کہناہے کہ عبدالستار ایدھی نے مجھے غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہونا اور مدد کرنا سکھایا ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صوبائی دارالحکومت کی کسی اہم سڑک کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنیکا اعلان کیا اور کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ عبدالستار ایدھی کی شخصیت اور ان کے کاموں سے انسپائریشن حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

ایدھی کو ایدھی بنانے میں ان کا خلوص ، نیک نیتی ، انسانیت سے محبت ، تشہیر سے مکمل بے نیازی اور سب سے بڑھ کر ان کی کئی عشروں پر محیط محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا عبدالستار ایدھی پاکستان میں تبدیلی کے حقیقی علمبردار ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی زندگی اور موت دونوں میں ہمارے پیغام موجود ہے۔ عبدالستار ایدھی پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ ہم تبدیلی کی بات کرتے ہیں ، تبدیلی تقریروں سے نہیں آتی ، اس کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ عبدالستار ایدھی نے یہ کام کرکے دکھایا ہے۔ عبدالستار ایدھی ایسی شخصیت ہیں جن سے میں نے وقت کی قدر کرنا سیکھا ہے۔