گوادر: کسٹمز ڈیوٹی ہدف سے 200 گنا زیادہ

ایم سی سی نے سال 16-2015 کے کسٹمز ڈیوٹی کا ہدف نہ صرف پورا کیا بلکہ ہدف سے 203 فیصد زائد ڈیوٹی بھی جمع کی

منگل 5 جولائی 2016 10:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جولائی۔2016ء) صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر کے ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ(ایم سی سی) نے سال 16-2015 کے کسٹمز ڈیوٹی کا ہدف نہ صرف پورا کیا بلکہ ہدف سے 203 فیصد زائد ڈیوٹی بھی جمع کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی 2015 سے جون 2016 تک کلکٹریٹ کیلئے گوادر میں کسٹم ڈیوٹی جمع کرنے کا ہدف ایک ارب 65 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا جبکہ اسی عرصے میں 5 ارب 90 لاکھ روپے جمع ہوئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم سی سی گوادر نے نا صرف کسٹمز ڈیوٹی کا ہدف حاصل کیا بلکہ اس نے دیگر تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز کے اہداف کو بھی عبور کیا اور یہ ایم سی سی کی ان تھک محنت کا ثمر ہے جس کے سربراہ کلیکٹر سعید اکرم ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں ٹیکسوں کی وصولی کا مجموعی ہدف 19 ارب 48 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھا گیا تھا جبکہ کلکٹریٹ نے 30 ارب 65 کروڑ 60 لاکھ روپے اکھٹے کیے جو طے شدہ ہدف سے ریکارڈ 11 ارب روپے زیادہ ہے۔