سینکڑوں ایرانی صحافیوں کو گمنام ایس ایم ایس کے ذریعے دھمکی

صحافیوں میں خوف و ہراس اور بے چینی پائی جاتی ہے،ایرانی رکن پارلیمان علی محترمی

اتوار 3 جولائی 2016 11:53

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جولائی۔2016ء) ایران میں سینکڑوں صحافیوں کو ایک گمنام ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس کے ذریعے ان صحافیوں کو بیرون ملک ’دشمن‘ اداروں سے تعلق رکھنے کے ’جرم‘ سے متنبہ کیا گیا ہے۔ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹوں کے مطابق سینکڑوں ایرانی صحافیوں کو ایک گمنام دھمکی آمیز ایس ایم ایس بھیجا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایم ایس میں لکھا ہے بیرون ملک موجود دشمن عناصر سے ای میل یا دیگر ذرائع سے رابطہ کرنا جرم ہے۔ یہ ایس ایم ایس آخری وارننگ ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ پیغام ملک بھر میں سات سو کے قریب صحافیوں اور اہم شخصیات کو بھیجا گیا۔ ایرانی پارلیمان کے رکن علی محترمی کا کہنا تھا کہ اس پیغام کے باعث صحافیوں میں خوف و ہراس اور بے چینی پائی جاتی ہے۔علی محترمی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت برائے انٹیلیجنس اور سائبر کرائم پولیس ایس ایم ایس بھیجنے والے شخص کو تلاش کرے اور اس بارے میں عوام کو مطلع بھی کرے۔ عدالت کو بھی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔