بپاناما لیکس میں ن لیگ کی چوری بے نقاب ہو گئی ہے،عمران خان

تحریک انصاف وزیر اعظم کے استعفیٰ کے معاملے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی عید کے بعد ن لیگ کی کرپشن کے خلاف بھرپوراحتجاجی تحریک شروع کریں گے،ملک بغیر وزیر اعظم کے چل رہا ہیخنواز شریف ملک سے باہر ہیں اور بنا کسی اختیار کے ان کی بیٹی مریم نواز اپنی بادشاہت چلا رہی ہیں کرپٹ اور نا اہل حکمران کے بچے بھی ملک کے عوام کو اپنی رعیاسمجھتے ہیں جیسے سب ان کے غلام ہیں۔ عید کے بعد سندھ کا تفصیلی دورہ کروں گا ،تحریک انصاف پورے سندھ میں اپنے تنظیمی سسٹم کو مضبوط کر رہی ہے،صحافیوں سے بات چیت

اتوار 3 جولائی 2016 11:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جولائی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس میں ن لیگ کی چوری بے نقاب ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف وزیر اعظم کے استعفیٰ کے معاملے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی اور عید کے بعد ن لیگ کی کرپشن کے خلاف بھرپوراحتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ملک بغیر وزیر اعظم کے چل رہا ہے ۔ نواز شریف ملک سے باہر ہیں اور بنا کسی اختیار کے ان کی بیٹی مریم نواز اپنی بادشاہت چلا رہی ہیں۔

کرپٹ اور نا اہل حکمران کے بچے بھی ملک کے عوام کو اپنی رعیاسمجھتے ہیں جیسے سب ان کے غلام ہیں۔ عید کے بعد سندھ کا تفصیلی دورہ کروں گا ۔ تحریک انصاف پورے سندھ میں اپنے تنظیمی سسٹم کو مضبوط کر رہی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد روانگی سے قبل کراچی میں تحریک انصاف کے رہنما طارق شفیع کی رہائشگاہ واقع کارساز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمران اسماعیل،رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ ، جام عبدالکریم ،صوبائی ترجمان دوا خان صابر، خواتین ونگ سندھ کی صدر زنیرہ ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چیئر مین عمران خان نے مزید کہا کہ امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغواء ہونے سے کراچی کے امن کو شدید دھچکا لگا ہے۔

حکمران سنجیدگی سے امجد صابری قتل کیس کی تحقیقات کر کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دلوائیں۔ کراچی میں امن کے لئے ضروری ہے کہ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا جائے۔ کراچی میں سیاسی جماعتوں نے پسند نا پسند اور پیسے لے کر پولیس میں بھرتیاں کیں۔ رینجرز کراچی میں اپنا کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے لیکن جب تک پولیس کے محکمے میں سیاسی مداخلت ختم نہیں ہوتی توکراچی میں مستقل امن نہیں آ سکتا۔عمران خان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ ایڈوکیٹ کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ شہر میں دن دہاڑے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کا اغوا ہونا حکومت سندھ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔